ٹی وی ڈرامہ عوامی شعور اجاگر کرنے کیلیے بہترین پلیٹ فارم ہے، نادیہ جمیل

شوبز رپورٹر  بدھ 23 اگست 2017
اس ڈرامے کے ذریعے اگر چند فیصد لوگوں میں بھی شعور بیدار ہوا تو ہماری ٹیم کا مقصد پورا ہوجائے گا، اداکارہ کی ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو : فائل

اس ڈرامے کے ذریعے اگر چند فیصد لوگوں میں بھی شعور بیدار ہوا تو ہماری ٹیم کا مقصد پورا ہوجائے گا، اداکارہ کی ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو : فائل

 کراچی: اداکارہ نادیہ جمیل نے کہا ہے کہ ڈرامہ ایسی صنف ہے جس کے ذریعہ آپ سنجیدہ بات کو بھی آسان انداز میں پیش کردیتے ہیں تاکہ عوام میں شعور و آگاہی فروغ پائے۔

’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایک عرصے بعد ڈرامہ ’’مجھے جینے دو‘‘ میں واپسی کررہی ہوںجس کی بنیادی وجہ اس ڈرامہ کا موضوع ہے، اس میں ہمارے معاشرے کی تلخ حقیقت کو سامنے لایا گیا ہے، جس کے بارے میں ہم بات کرتے ہیں تاہم اس کے حل کی بات نہیں کرتے۔ انجلین ملک نے ڈرامہ کی ہدایات دی ہیں جبکہ اس کی کاسٹ میں نادیہ جمیل، ہانیہ عامر، گوہر رشید، سرمد کھوسٹ، خالد بٹ و دیگر شامل ہیں، ڈرامہ کی کہانی شاہد نظامی نے لکھی ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ یہ ڈرامہ سماجی مسئلہ، بچوں کی شادی پر مبنی ہے جو کہ ہمارے معاشرے کی ایک کڑوی حقیقت ہے، یہ کوئی نیا موضوع نہیں اس سے پہلے بھی کئی بار اس موضوع کو اسکرین پر لایا گیا ہے لیکن کم نے ہی مسئلے کے ساتھ حل پیش کیا۔ یہ ڈرامہ نہ صرف اس مسئلہ کی نشاندہی کرے گا بلکہ اس کے حل اور نتائج کی جانب بھی توجہ مبذول کروائے گا جیسے کہ چائلڈ میرج ایکٹ موجود ہے لیکن لوگوں کو اپنے حقوق کے بارے میں نہیں معلوم۔

نادیہ نے کہا کہ ہم برائی کا سامنا نہیں کرنا چاہتا، یہ ڈرامہ دیکھنے والوں کو بے چین کردے گا۔ یہ ڈرامہ جان ہاپکنز کے تحت پروڈیوس کیا جارہا ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ اس ڈرامہ کے ذریعہ اگر چند فیصد لوگوں میں بھی شعور بیدار ہوا تو ان کا مقصد پورا ہوجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔