کراچی میں بلدیہ عظمیٰ اور بحریہ ٹاؤن کی مشترکہ صفائی مہم کا اعلان

ویب ڈیسک  بدھ 23 اگست 2017
کراچی تباہ ہوچکا کوئی چیز درست نہیں، میئر کراچی وسیم اختر ۔ فوٹو:  پی پی آئی

کراچی تباہ ہوچکا کوئی چیز درست نہیں، میئر کراچی وسیم اختر ۔ فوٹو: پی پی آئی

 کراچی:  بلدیہ عظمیٰ اور بحریہ ٹاؤن نے شہر میں مشترکہ صفائی مہم کا اعلان کردیا۔

کراچی میں چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض اورمیئر وسیم اخترکے درمیان کلین کراچی معاہدے پردستخط ہوئے۔ اس موقع پر وسیم اختر نے کہا کہ کراچی دنیا کا دوسرا یا تیسرا سب سے بڑا شہر ہے لیکن یہاں سب کچھ تباہ ہوچکا ہے، کوئی چیز درست نہیں، سیوریج سسٹم خراب ہے اور لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، جب کہ کے ایم سی کے پاس نا تو وسائل ہیں اور نہ پیسے، جن کو لوگ چندہ دیتے ہیں وہ کے ایم سی کو فنڈز دے رہے ہیں، سندھ حکومت ہمارے ساتھ تعاون کرے، ہم مل جل کر کام کرتے ہیں۔

میئر کراچی نے مزید کہا کہ کراچی میں روزانہ 13ہزار ٹن کچرا پیدا ہورہا ہے، آج ہم ملک ریاض کے ساتھ ایم او یو دستخط کرنے جا رہے ہیں، آج کے دن کو خوش آئند سمجھتاہوں۔ بحریہ ٹاؤن کے رضاکار کے ایم سی کے عملے کے ساتھ مل کر شہر سے کچرا اٹھائیں گے، ابتدائی طور پر اس کا آغاز ضلع وسطی سے ہوگا جس کے بعد اس کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا۔

بحریہ ٹاؤن کی جانب سے سرکاری اسپتال کا انتظام سنبھالنے سے متعلق میئر کا کہنا تھا کراچی کے 13 اسپتالوں کی حالت بہتر نہیں ہے، جلد فیصلہ کرلیں گے کہ کون سا اسپتال ان کے حوالے کیا جائے۔

چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے کہا کہ ہمارے رضا کار روزانہ 12 ہزار ٹن کچرا صاف کریں گے اور بحریہ ٹاؤن کی جانب سے 10 ارب روپے تک کی معاونت کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی پر احسان نہیں کر رہے،اللہ نے جو ہمیں دیا،اللہ کی امانت ہے عوام کی امانت ہے جسے شہر میں لگانے جا رہے ہیں، آصف زرداری نے کہا کہ میئر کراچی جو کام کہتے ہیں ان کے ساتھ کریں، بحریہ ٹاون کلین کراچی چیلنج کو پورا کرے گا۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے مارچ میں بھی بحریہ ٹاون نے ضلع وسطی میں 18 روزہ صفائی مہم چلائی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔