سعودی عرب میں سڑک پر رقص کے الزام میں لڑکا گرفتار

ویب ڈیسک  بدھ 23 اگست 2017
عوامی مقام پر نامناسب رویہ اختیار کرنے اور ٹریفک میں خلل ڈالنے کا الزام۔ فوٹو: اسکرین گریب

عوامی مقام پر نامناسب رویہ اختیار کرنے اور ٹریفک میں خلل ڈالنے کا الزام۔ فوٹو: اسکرین گریب

جدہ: سعودی عرب میں سڑک کے بیچوں بیچ ناچنے والے 14 سالہ لڑکے کو گرفتار کرلیا گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں بنائی گئی 45 سیکنڈ کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں شہزادہ محمد بن عبدالعزیز روڈ کے ٹریفک سگنل پر نیکر پہنے اور کانوں میں ہیڈفون لگائے ایک فربہ لڑکا چلتا ہوا سڑک کے بیچوں بیچ آکر کھڑا ہوگیا۔ پھر وہ ویڈیو بنانے والے کی طرف دیکھ کر مسکرایا اور انگریزی گانے کی دھن پر ناچنا شروع کردیا۔

اس دوران کئی گاڑیاں بھی سگنل پر آکر کھڑی ہوگئیں۔ لیکن وہ گرد و پیش سے بے نیاز ناچتا رہا۔ یہ ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی گئی جسے دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ اس میں بعدازاں ایڈیٹنگ کرکے میوزک شامل کیا گیا۔

سعودی پولیس نے عوامی مقام پر نامناسب رویہ اختیار کرنے اور ٹریفک میں خلل ڈالنے کے الزام میں لڑکے کو گرفتار کرلیا تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور مقدمہ درج ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں ڈیبنگ ڈانس پر پابندی عائد ہے جس میں ایک بازو سے چہرہ چھپایا اور دوسرے بازو کو پیچھے کی جانب بڑھایا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔