مریضوں کی خاطر میک اپ اور روایتی چینی لباس پہننے والی ڈاکٹرنی

ویب ڈیسک  جمعرات 24 اگست 2017
بائی شوفانگ اپنے مریض کا معائنہ کررہی ہیں۔ فوٹو: بائی شوفانگ فیس بک پیج

بائی شوفانگ اپنے مریض کا معائنہ کررہی ہیں۔ فوٹو: بائی شوفانگ فیس بک پیج

بیجنگ: چین میں ایک انسان دوست ڈاکٹرنی اپنے مریضوں کا تناؤ دور کرنے اور انہیں خود سے مانوس کرنے کے لیے روایتی چینی اوپرا لباس پہنتی اور ویسا ہی میک اپ کرتی ہیں تاکہ مریض ان سے کھل کر بات کرسکیں۔  

چینی ڈاکٹر بائی شوفانگ جلد کی ماہر ہیں۔ ان کے اکثر مریض بہت پریشان اور فکرمند رہتے ہیں اسی لیے گزشتہ چند ہفتوں سے وہ ہر روز صبح روایتی چینی اوپرا لباس پہنے اور اپنے چہرے پر میک اپ کی کئی پرتیں لگا کر کلینک آتی ہیں اور اس تیاری میں تقریباً ایک گھنٹہ لگتا ہے۔

بائی شوفانگ اب چین میں تیزی سےمقبول ہورہی ہیں اور اب ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری ہونے کے بعد قارئین نے ملا جلا ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ ایک جانب تو لوگوں نے مریضوں کو پرسکون رکھنے کی ان کاوشوں کو سراہا ہے تو دوسری جانب عوام نے اس رویے کی افادیت پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ تنقید کے باوجود بائی شوفانگ اپنے فیصلے پر قائم ہیں اور ہسپتال انتظامیہ بھی ان کی حامی ہے۔

بائی شوفانگ کو تیار ہونے میں ایک گھنٹہ لگتا ہے جبکہ شام کو میک اپ اتارنے میں بھی ایک گھنٹہ صرف ہوتا ہے۔ میک اپ سے ان کی جلد خراب ہورہی ہے لیکن وہ اس قربانی کے بدلے مریضوں کے اطمینان پر خوش ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔