کرکٹر عمر اکمل نے پی سی بی کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروا دیا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 23 اگست 2017
3،4 سال سے زیادتیاں برداشت کر رہا تھا تاہم اس مرتبہ نازیبا الفاظ استعمال کئے گئے جو برداشت سے باہر تھے،عمر اکمل۔ فوٹو: فائل

3،4 سال سے زیادتیاں برداشت کر رہا تھا تاہم اس مرتبہ نازیبا الفاظ استعمال کئے گئے جو برداشت سے باہر تھے،عمر اکمل۔ فوٹو: فائل

 لاہور: کوچ مکی آرتھر پر گالیاں دینے کا الزام لگانے والے کرکٹر عمر اکمل نے پی سی بی کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروا دیا۔

قذافی اسٹیڈیم کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل کا کہنا تھا کہ 3،4 سال سے میرے ساتھ زیادتیاں ہو رہی تھیں جو برداشت کر رہا تھا تاہم اس مرتبہ نازیبا الفاظ استعمال کئے گئے جو برداشت سے باہر تھے، اسی لئے جو میرے ساتھ پیش آیا وہ بیان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے چیئرمین پی سی بی اس حوالے سے میرے ساتھ انصاف کریں گے اور مثبت فیصلہ آئے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : مکی آرتھر نے مجھے گالیاں دیں، عمر اکمل کا الزام

ذرائع کے مطابق اپنے جواب میں کرکٹر نے اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ کے خلاف کوئی بات نہیں کی، ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی زیادتی کے خلاف آواز بلند کی ہے، مسلسل ناانصافی پر بولنا پڑا، سسٹم کی عزت کرتا ہوں، سنٹرل کنٹریکٹ پلیئر نہ ہونے کے باوجود شوکاز نوٹس کا جواب دے رہا ہوں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : مکی آرتھر نے عمر اکمل کو گالیاں نہیں دیں، مشتاق احمد

واضح رہے کہ چند روز قبل عمر اکمل نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے چیف سلیکٹر انضمام الحق اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد کی موجودگی میں انہیں گالیاں دیں۔ نوجوان بیٹسمین نے یہ بھی کہا کہ انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس سے روکا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیرملکی کوچنگ سٹاف نے ان کو ہدف بنا رکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔