کراچی سے اغوا ہونے والا پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی کا بیٹا بازیاب

ویب ڈیسک  بدھ 23 اگست 2017
رکن سندھ اسمبلی کے بیٹے حیات بلوچ کو 2 روز قبل اغواء کیا گیا تھا۔ فوٹو: اسکرین گریب : ایکسپریس نیوز

رکن سندھ اسمبلی کے بیٹے حیات بلوچ کو 2 روز قبل اغواء کیا گیا تھا۔ فوٹو: اسکرین گریب : ایکسپریس نیوز

 کراچی: پولیس نے نادرن بائی پاس پر کارروائی کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی اور صوبائی وزیر برائے کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ کے مغوی بیٹے کو بازیاب کرا لیا جب کہ مقابلے کے دوران 5 ڈاکو بھی ہلاک ہو گئے۔

ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق نادرن بائی پاس پر پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ بلوچ کے بیٹے حیات بلوچ کو بازیاب کرا لیا جب کہ کارروائی کے دوران مقابلے میں 5 اغوا کاروں کو بھی ہلاک کیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: کراچی سے پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر مرتضیٰ بلوچ کا بیٹا اغوا

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے بتایا کہ ملزمان نے حیات بلوچ کی بازیابی کے لئے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا اور جب پولیس موقع پر پہنچی تو انہوں نے پولیس نفری پر فائرنگ شروع کر دی تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں 5 ملزمان ہلاک ہو گئے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل رکن سندھ اسمبلی مرتضی بلوچ کے بیٹے حیات بلوچ کو ملیر کے علاقے سے اغوا کر لیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔