دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، سعودی ولی عہد

ویب ڈیسک  بدھ 23 اگست 2017
وزیراعظم عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد روضہ رسول ﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔ فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد روضہ رسول ﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔ فوٹو: پی آئی ڈی

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں قابل تحسین ہیں جب کہ سعودی عرب پاکستان کو ایک مضبوط اورمستحکم ملک دیکھنا چاہتا ہے۔ 

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ملاقات میں علاقائی اورعالمی امور سمیت دوطرفہ اورامہ کودرپیش معاملات پر بات چیت گئی اور خطے میں امن وسلامتی اورترقی سے متعلق مذاکراتی عمل اورتعاون جاری رکھنے پراتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کےساتھ تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے، پاکستان سعودی عرب اور اسکی قیادت کے ساتھ جاری تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا اور سعودی عرب کی سلامتی کےلیےتمام کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کےخاتمے،خطےمیں استحکام کیلیےجانی ومالی قربانی دی جب کہ سعودی عرب کی قیادت کا 2030 کی ترقی کا وژن قابل تحسین ہے۔

دوسری جانب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کےخلاف قربانیاں قابل تحسین ہیں جب کہ سعودی عرب پاکستان کوایک مضبوط اورمستحکم ملک دیکھنا چاہتا ہے، امید ہے پاکستان جلد تمام چیلنجز پرقابو پاکر ترقی وخوشحالی کا سفرجاری رکھےگا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔

اس سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سعودی عرب کے پہلے سرکاری دورے پر جدہ پہنچے جہاں ان کا ڈپٹی گورنر مکہ عبداللہ بن بندر نے استقبال کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی  عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد روضہ رسول ﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔