پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت ڈوپلیسی کریں گے

ویب ڈیسک  بدھ 23 اگست 2017
فاف ڈوپلیسی جنوبی افریقا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ہیں ۔ فوٹو : فائل

فاف ڈوپلیسی جنوبی افریقا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ہیں ۔ فوٹو : فائل

 لاہور: رواں برس ستمبر میں ممکنہ طور پر پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کی ٹیم کی قیادت جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جنوبی افریقا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اس کے علاوہ یہ خبریں بھی سامنے آئی ہیں کہ کیوی آل راؤنڈر جیمز نیشام اور گرانٹ ایلوئٹ نے پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون میں شمولیت کیلیے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رواں سال ورلڈ الیون، سری لنکا اورویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی

نیوزی لینڈ کے میڈیا کے مطابق نیشام کو پاکستان آنے کیلیے ایک لاکھ ڈالرز کی آفرز ہوئی ہے، انہیں نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ سے این او سی درکار ہو گا تاہم کیوی کرکٹ بورڈ نے اجازت نامہ جاری کرنے کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ رپورٹ کے مطابق ڈینیل ویٹوری اور گرانٹ ایلوئٹ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے، ڈینیل ویٹوری نے ورلڈ الیون میں شمولیت میں دلچسپی ظاہر نہیں کی جبکہ گرانٹ ایلیٹ نے اپنی دستیابی ظاہر کر دی ہے جبکہ پی سی بی ہاشم آملہ سے بھی رابطے میں ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ الیون؛ جیمز نیشام اور گرانٹ ایلوئٹ پاکستان آنے پر آمادہ

یاد رہے کہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اعلان کیا تھا کہ ورلڈ الیون ستمبر، اکتوبر میں سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم نومبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ نجم سیٹھی نے یہ بھی کہا تھا کہ مہمان ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا جب کہ سکیورٹی فنڈز کے علاوہ تمام اخراجات پی سی بی خود برداشت کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔