براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں7 ماہ کے دوران 11.6 فیصد کمی

بزنس رپورٹر  ہفتہ 16 فروری 2013
تیل و گیس تلاش 32.74 کروڑ، فنانشل بزنس 17.9 کروڑ، شعبہ خوراک 3.15 کروڑ، پاور 2.18 کروڑ  اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں 6.5 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔  فوٹو : فائل

تیل و گیس تلاش 32.74 کروڑ، فنانشل بزنس 17.9 کروڑ، شعبہ خوراک 3.15 کروڑ، پاور 2.18 کروڑ اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں 6.5 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔ فوٹو : فائل

کراچی: رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 11.6 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا جنوری کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری انفلوز1ارب26کروڑ86لاکھ ڈالر رہے تاہم اسی عرصے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا انخلا 74 کروڑ 35 لاکھ ڈالر رہا، اس طرح نیٹ فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ (ایف ڈی آئی) 52کروڑ51 لاکھ ڈالر رہی۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال کے اسی عرصے میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے انفلوز 1ارب26کروڑ81 ارب ڈالر تھے جبکہ اس مدت میں برہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا انخلا 67 کروڑ40لاکھ ڈالر رہا، اس طرح گزشتہ مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں نیٹ فارن ڈائریکٹر انویسٹمنٹ 59 کروڑ40 لاکھ ڈالر رہی تھی۔

اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران اب تک مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 53.4فیصد کے اضافے سے 65کروڑ80لاکھ ڈالر رہی، بیرونی نجی سرمایہ کاری کی مالیت بشمول ایف ڈی آئی و پورٹ فولیو انویسٹمنٹ 66 کروڑ22 لاکھ ڈالر رہی جبکہ فارن پبلک انویسٹمنٹ سے42 لاکھ ڈالر کا انخلا ہوا، اس طرح مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 65 کروڑ80لاکھ ڈالر رہی۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 7 ماہ کے دوران پورٹ فولیو سرمایہ کاری 218.5فیصد کے اضافے سے 13کروڑ71 لاکھ ڈالر رہی۔

اعدادوشمار کے مطابق جنوری میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں سے 3 کروڑ 75لاکھ ڈالر کا انخلا ہوا جبکہ 93لاکھ ڈالر کی پورٹ فولیو انویسٹمنٹ آئی، اس طرح جنوری2013 میں بیرونی نجی سرمایہ کاری سے مجموعی طور پر 2 کروڑ82 لاکھ ڈالر کا انخلا ہوا جبکہ بیرونی پبلک انویسٹمنٹ سے بھی 1لاکھ ڈالر نکال لیے گئے جس کے نتیجے میں جنوری کے دوران مجموعی بیرونی سرمایہ کاری منفی 2کروڑ83لاکھ ڈالر رہی۔ شعبہ جاتی جائزے کے مطابق گزشتہ7ماہ (جولائی تاجنوری2013) کے دوران سب سے زیادہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں کی گئی جس کی مالیت 32 کروڑ74 لاکھ ڈالر رہی، فنانشل بزنس میں 17کروڑ90لاکھ ڈالر، فوڈ سیکٹر میں3 کروڑ15 لاکھ ڈالر، پاور سیکٹر میں 2کروڑ18 لاکھ ڈالر اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں 6کروڑ 50لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔