ایف بی آر،4سال سے ایک ہی جگہ تعینات افسربدلنے کافیصلہ

ارشاد انصاری  جمعرات 24 اگست 2017
مقصدگورننس بہتر،افسران کی اجارہ داری وامورمیں غیرضروری مداخلت روکناہے، ذرائع
 فوٹو: فائل

مقصدگورننس بہتر،افسران کی اجارہ داری وامورمیں غیرضروری مداخلت روکناہے، ذرائع فوٹو: فائل

 اسلام آباد: چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گزشتہ 4 سال سے زائد عرصے سے ایک ہی ڈپارٹمنٹ اور ہیڈ کوارٹرز میں تعینات افسران کو تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

ایف بی آرکے سینئر افسر نے بتایا کہ یہ پالیسی سطح کا فیصلہ ہے، جو افسران ایک ڈپارٹمنٹ میں 4 سے زائد عرصے سے تعینات ہیں انہیں دوسرے محکمے یا فیلڈ میں تعینات کیا جائے گا اور انکی جگہ پر دوسرے افسران کا تقرر ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد گورننس کو بہتر بنانا ہے تاکہ افسران ایک جگہ پر تعینات رہ کر اجارہ داری قائم نہ کرسکیں اور معاملات میں غیرضروری مداخلت نہ کرسکیں۔

ذرائع کے مطابق اس وقت ایف بی آر سمیت دیگر ذیلی اداروں میں گزشتہ 4 سال سے زائد عرصے سے ایک ہی جگہ کام کرنے والے افسران کی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں اور ان پر بتدریج عملدرآمد کرتے ہوئے تقرری و تبادلے کیے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے چیئرمین نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد متعدد اصلاحات متعارف کرائی ہیں اس سے قبل افسران پر ہفتے کے آخر پر بغیر پیشگی اجازت کے اسٹیشن چھوڑنے پر بھی پابندی عائد کی ہے، اسی طرح بیرون ممالک دوروں اور کورسز کے لیے اپلائی کرنے سے متعلق بھی میکنزم متعارف کرائے ہیں تاکہ نظام کو بہتر بنایا جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔