سابق ڈی آئی جی بلوچستان کے مزیدکروڑوں روپے کے اثاثوں کا انکشاف

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 24 اگست 2017
35 بینک اکائونٹس بنانے کا انکشاف، ملزم کے رشتے داروں کے علاوہ دیگر معاونین کی بھی گرفتاریاں متوقع 
  فوٹو : فائل

35 بینک اکائونٹس بنانے کا انکشاف، ملزم کے رشتے داروں کے علاوہ دیگر معاونین کی بھی گرفتاریاں متوقع فوٹو : فائل

کوئٹہ: سابق ڈی آئی جی بلوچستان پولیس ریاض احمدکے گردگھیرا تنگ،کروڑوں روپے کے مزید اثاثے سامنے آ گئے، ڈی جی نیب نے تمام اثاثے منجمد کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

منجمد اثاثوں میں ڈی ایچ اے لاہور، بحریہ ٹائون اسلام آباد، پارک انکلیواسلام آباد پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی،ایڑن ویلیو ہومز لاہور، الہ دین انٹر نیشنل پرائیوٹ سوسائٹی اسلام آباد،نیشنل پولیس فائونڈیشن گولڑہ شریف اسلام آباد، حب،گوادر، ڈی جی خان اور زیارت میں28کروڑ مالیت کے انتہائی قیمتی بنگلے،فلیٹس،پلاٹس اورگاڑیاں شامل ہیں۔

نیب بلوچستان نے ڈائر یکٹر جنرل نیب عرفان نعیم منگی کی ہدایت پرسابق ڈی آئی جی بلوچستان پولیس وبی ایریا سے اے ایریا منتقلی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ریاض احمد اور بے نامی داروں کے نام پر بنائے گئے تقریباً 28کروڑ مالیت کے غیرقانونی اثاثے منجمدکیے۔

نیب بلوچستان کے سابق ڈی آئی جی پولیس ریاض احمدکے خلاف دوران تفتیش یہ انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے دوران سروس مختلف عہدوں پر رہ کر بڑے پیمانے پرکرپشن کرتے ہوئے ڈی ایچ اے لاہور، بحریہ ٹائون اسلام آباد،پارک انکلیواسلام آباد پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی،ایڑن ویلیو ہومز لاہور،نیشنل پولیس فائونڈیشن گولڑہ شریف اسلام آباد، حب،گوادر، ڈی جی خان اور زیارت میں انتہائی قیمتی بنگلے،فلیٹس اور پلاٹس، گاڑیاں ودیگر اثاثے بنائے۔ ملزم کیخلاف تحقیقات کے دوران35 بینک اکاؤنٹس بنانے کا بھی انکشاف ہواجبکہ ملزم نے اپنے رشتے داروں کے نام کروڑوں روپے کے نیشنل سیونگ سرٹیفکیٹس بھی بنا رکھے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔