عالمی طاقتیں مسلم ممالک کو لڑانا چاہتی ہیں، حافظ سعید

محرم راز  ہفتہ 16 فروری 2013
حافظ سعید کا کہنا تھا کہ ڈو مور کی رٹ لگانے والا امریکا، افغانستان میں اپنی شکست تسلیم کر کے بھاگ رہا ہے۔ فوٹو: فائل

حافظ سعید کا کہنا تھا کہ ڈو مور کی رٹ لگانے والا امریکا، افغانستان میں اپنی شکست تسلیم کر کے بھاگ رہا ہے۔ فوٹو: فائل

نیو سعید آباد: جماعۃ الدعۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بین الاقوامی  طاقتیں مسلم ممالک کو آپس میں لڑانا چاہتی ہیں۔

بھارت بلوچستان کو پاکستان سے علیحدہ کرنے کی سازش کر رہا ہے، امریکا اپنی ہار تسلیم کر کے طالبان کی منت سماجت کر رہا ہے۔ سعیدآباد کے قریب جماعۃ الدعوۃ کے صوبائی اجتماع سے خطاب اور ایکسپریس اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ہندوستان سے پاکستان کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، بلوچستان کو پاکستان سے علیحدہ کرنے کے لیے ہندوستان سازشیں کر رہا ہے اور بھارت ہی پاکستان میں دہشتگردی کو پروان چڑھا رہے ہے، پاکستانی معیشت کو تباہ کرنے کے لیے بھارت نے 62 ڈیم مکمل کر لیے ہیں۔

بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، وہ وقت دور نہیں جب بھارت کے خلاف ایک محاذ گرم ہو گا۔  حافظ سعید کا کہنا تھا کہ ڈو مور کی رٹ لگانے والا امریکا، افغانستان میں اپنی شکست تسلیم کر کے بھاگ رہا ہے اور جن طالبان سے جنگ کر رہا تھا اس کی منت سماجت پر اتر آیا ہے، امریکا پاکستان کو اپاہج بنا رہا ہے۔ امریکا نے عرب ملکوں میں جنگ بھڑکا رکھی ہے، جس کا مقصد عربوں کی دولت پر قبضہ کرنا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ان حالات میں مغرب میں سرمایہ دارانہ نظام اور امریکی معیشت دونوں تباہ ہو جائیں گی۔

5

انھوں نے کہا کہ کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں  دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں، دہشتگردی پر رحمن ملک ہماری بات مانتے تو ہیں لیکن صرف بیان بازی سے کام لیتے ہیں، کوئی عملی اقدامات نہیں کیے جاتے۔ انھوں نے کہا کہ ہم مسلم امہ کو متحد کرنے کیلیے سیاست کرتے ہیں کیونکہ مسلمانوں کو متحد کیے بغیر خفیہ طاقتوں کو کمزور نہیں کیا جا سکتا اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان امت مسلمہ کا مرکز بنے گا اور پاکستان میں اسلامی تحریکیں دعوت کے ذریعے دنیا بھر میں اپنا بھرپور پیغام پھیلائیں گی۔ اجتماع کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔