شاہ رخ خان کو خاتون کرکٹرسے معافی مانگنی پڑ گئی

ویب ڈیسک  جمعرات 24 اگست 2017
شاہ رخ خان کے چاہنے والوں میں مردوں کے مقابلے میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے؛فوٹوفائل

شاہ رخ خان کے چاہنے والوں میں مردوں کے مقابلے میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے؛فوٹوفائل

ممبئی: ناموراداکارشاہ رخ خان نے حال ہی میں بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان میتھالی راج سے معافی مانگتے ہوئے بڑااداکار ہونے کا ثبوت دے دیا۔

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے وہ اپنی منفرد اداکاری اور پرکشش شخصیت کے باعث دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتے ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ ان کے چاہنے والے دنیا بھر میں موجود ہیں ، شاہ رخ خان کے مداحوں میں خواتین کی تعداد مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہے ، لیکن وہ کیا وجہ ہے کہ شاہ رخ خواتین میں اتنے زیادہ مقبول ہیں، اس کا جواب بہت آسان ہے کیوں کہ شاہ رخ بالی ووڈ کے دیگر اداکاروں کی نسبت خواتین کی زیادہ عزت کرتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: خواتین کی عزت کرتا ہوں اسی لیے ان کا پسندیدہ ہوں، شاہ رخ خان

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان ان دنوں اپنے نئے پروگرام ’’ٹیڈ ٹاک انڈیا:نئی سوچ‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں ، شو کی پہلی قسط میں نامور بالی ووڈ ہدایت کار اور شاہ رخ خان کے قریبی دوست کرن جوہر اور بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان میتھالی راج کو مدعو کیا گیا، لیکن شاہ رخ ان دونوں کو مدعو کرکے خود غائب ہوگئے اور وقت پر ریکارڈنگ پر نہ پہنچ سکے جس کے باعث میتھالی کو تین سے چار گھنٹے انتظار کرنا پڑا تاہم جیسے ہی شاہ رخ خان سیٹ پر پہنچے انہوں نے سب سے پہلے میتھالی سے معافی مانگی اور اپنے تاخیر سے آنے وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہیں پھنس گئے تھے اس لیے وقت پر نہ پہنچ سکے، بعد ازاں شاہ رخ نے اسکرپٹ یاد کرنے میں میتھالی کی مدد بھی کی کیونکہ وہ شوٹنگ کے باعث کافی گھبرائی ہوئی تھیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی تو سر قلم کردوں گا، شاہ رخ کی بیٹوں کو تنبیہ

واضح رہے کہ شاہ رخ خان ان دنوں ہدایت کار آنند لال رائے کی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں وہ طویل عرصے بعد ڈبل رول ادا کررہے ہیں جب کہ فلم میں اداکارہ انوشکا شرما اور کترینہ کیف ان کے مقابل مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔