کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں امپائرز نے بڑا تنازع کھڑا کردیا

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 16 فروری 2013
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوسرے دن سعید اجمل جنوبی افریقی بیٹسمین فاف ڈو پلیسس کو آؤٹ کرنے پر خوشی سے بے قابو، ساتھی پلیئرز مبارکباد دینے کیلیے پاکستانی اسپنر کی جانب لپک رہے ہیں۔  (فوٹو: اے ایف پی )

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوسرے دن سعید اجمل جنوبی افریقی بیٹسمین فاف ڈو پلیسس کو آؤٹ کرنے پر خوشی سے بے قابو، ساتھی پلیئرز مبارکباد دینے کیلیے پاکستانی اسپنر کی جانب لپک رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی )

کیپ ٹاؤن: کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں امپائرز کی غلطی نے بڑا تنازع کھڑا کر دیا، کیلس کو غلط آئوٹ دینے کا اعتراف آئی سی سی نے بھی کرلیا۔

سیریز میں تھرڈ امپائر کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے، تفصیلات کے مطابق دوسرے دن اسپنر سعید کی گیند پر پروٹیز بیٹسمین کیلس کو شارٹ لیگ پر کیچ قرار دیا گیا، انھوں نے فوراً ہی فیصلے کو چیلنج کر دیا، ری پلیز سے علم ہوا کہ گیند نے اظہر کے ہاتھوں میں جانے سے قبل بیٹ کو نہیں چھوا تھا، اسکے بعد مناظر واضح نہیں تھے،ٹیلی ویژن امپائر بلی بائوڈن نے کئی ری پلیز دیکھنے کے بعد کیلس کو ایل بی ڈبلیو قرار دیدیا۔

اس پر بیٹسمین کی حیرت کی کوئی انتہا نہیں رہی کیونکہ ’’پچ میپ‘‘ کے مطابق گیند واضح طور پرلیگ اسٹمپ کے کونے کی جانب جا رہی تھی، وہ واپس جانے کے بجائے کچھ دیر امپائرز سے بحث کرتے رہے تاہم آخر کار ہار مان لی، فیلڈ امپائر ڈیوس نے اس غلط فیصلے سے پہلے دو پلیئرز کو آئوٹ نہیں دیا تھا۔

پاکستان نے ریویو پر فیصلے تبدیل کرائے، اس سے قبل پہلے ٹیسٹ میں بطور ٹی وی امپائر انھوں نے کئی غلط فیصلے کیے جس کی وجہ سے مہمان ٹیم انھیں بقیہ دونوں میچز میں نہیں دیکھنا چاہتی تھی۔ دریں اثنا میچ کی پلیئنگ کنٹرول ٹیم نے کیلس کے تنازع پر غلطی تسلیم کر لی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ قوانین کے مطابق تھرڈ امپائر اگر یہ سمجھے کہ بیٹسمین اپیل شدہ طریقے کے بجائے کسی اور طریقے سے آئوٹ ہے تب بھی فیصلہ دے سکتا ہے، اس کیس میں ایسا ہی ہوا ، کیلس کو کیچ قرار دیا گیا مگر تھرڈ امپائر کو ایسا لگا کہ وہ ایل بی ڈبلیو ہیں، ماہرین کے مطابق بائوڈن کو ایل بی ڈبلیو دینے سے قبل فیلڈ امپائر سے بات کرنی چاہیے تھی کیونکہ گیند لائن سے باہر تھی اور فیصلہ واپس ڈیوس کے پاس جاتا تو وہ ناٹ آئوٹ ہی قرار دیتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔