بھارت میں موبائل چارجر کے تنازع پر لڑکی کا ہاتھ کاٹ دیا گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 24 اگست 2017
ابتدائی طور پر معاملہ موبائل فون چارجر کا تنازع ہی معلوم ہوتا ہے، پولیس۔ فوٹو: فائل

ابتدائی طور پر معاملہ موبائل فون چارجر کا تنازع ہی معلوم ہوتا ہے، پولیس۔ فوٹو: فائل

لکھنئو: بھارت میں موبائل فون چارجر کے تنازع پر تلوار بردار شخص نے لڑکی کا ہاتھ کاٹ دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کی 15 سالہ لڑکی نے روہت چوراسیا نامی شخص کے بھائی سے موبائل فون کا چارجر لیا تھا لیکن واپس کرنے سے انکار کردیا تھا، لڑکی اپنی ماں کے ساتھ مارکیٹ جا رہی تھی کہ 26 سالہ روہت بھی وہاں آ گیا اور دونوں کے درمیان تکرار شروع ہو گئی، اسی دوران روہت نے اچانک تلوار نکالی اور لڑکی پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں اس کا سیدھا ہاتھ کلائی کے پاس سے کٹ گیا جبکہ اسے جسم کے دیگر حصوں پر بھی گہرے زخم آئے۔

موقع پر موجود افراد نے روہت کو بھاگنے نہیں دیا اور اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ متاثرہ لڑکی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر معاملہ موبائل فون چارجر کا تنازع ہی معلوم ہوتا ہے تاہم وہ دیگر زاویوں سے بھی کیس کی تفتیش کر رہے ہیں۔

متاثرہ لڑکی کے پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ وہ کرائے کے گھر میں اپنی نابینا ماں، بیمار والد، دو بڑے بھائیوں اور ایک چھوٹی بہن کے ساتھ رہتی ہے جبکہ حملہ آور لڑکے کے ان سے گھریلو تعلقات تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔