چین میں سمندری طوفان سے 16 افراد ہلاک، سیکڑوں زخمی

ویب ڈیسک  جمعرات 24 اگست 2017
طوفان کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ فوٹو : فائل

طوفان کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ فوٹو : فائل

مکاؤ: نصف صدی کے دوران چین کے جنوبی علاقوں میں آنے والے طاقتور ترین سمندری طوفان کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 150 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق طوفان سے سب سے زیادہ نقصان مکاؤ میں ہوا جہاں اب تک 8 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ سیلاب کے نتیجے میں 153 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ تیز ہواؤں کی وجہ سے گھروں کی چھتیں، درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے، ہزاروں افراد بجلی کی فراہمی سےبھی محروم ہو گئے۔ چینی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق 8 افراد کی لاشیں گوانگ ڈونگ کے علاقے سے ملی ہیں۔

مکاؤ سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی جوز پیریرا کوٹینہو کا کہنا ہے کہ طوفان کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی ہے اور سیکڑوں عمارتوں اور مکانات کو دوبارہ تعمیر کرنا پڑے گا۔ خیال رہے کہ مکاؤ کے چاروں طرف پانی ہے اور سمندری طوفان کی وجہ سے اونچی لہروں نے مکاؤ کا رخ کیا جس سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی۔

طوفان کے باعث اب تک 27 ہزار سے زائد افراد کو محفوط مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے، 20 لاکھ صارفین عارضی طور پر بجلی سے محروم ہو چکے ہیں جبکہ خراب موسم کی وجہ سے متعدد پروازیں بھی منسوخ کی جا چکی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔