کراچی پولیس مقابلہ، صوبائی وزیر کا بیٹا بازیاب

ایڈیٹوریل  جمعـء 25 اگست 2017
حالیہ مقابلہ کے بعد وزیرداخلہ سندھ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: فائل

حالیہ مقابلہ کے بعد وزیرداخلہ سندھ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ میں 5 اغوا کار ہلاک جب کہ صوبائی وزیر کا بیٹا بازیاب کرا لیا گیا۔ ملک میں اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے، اغوا کی ان وارداتوں میں تاجروں، صنعتکاروں، ڈاکٹرز اور سول سوسائٹی ممبران کے علاوہ سیاستدانوں اور ان کے اہلخانہ کو بھی ہدف بنایا جارہا ہے۔

اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کے پیچھے صرف پیسوں کا حصول ہی نہیں بلکہ سیاسی میدان میں حریف پر دباؤ کے محرکات بھی شامل ہیں۔ پیر کو پیپلز پارٹی کے رہنما صوبائی وزیر برائے کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ کے بیٹے کو اس کے کزن کے ساتھ اغوا کر لیا گیا تھا، ملزمان نے مغوی کے والد سے فون پر رابطہ کرکے بیٹے کو چھوڑنے کے لیے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا۔

بعد ازاں ایس ایس پی ملیر نے ایک خفیہ اطلاع پر سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کے علاقے ناردرن بائی پاس سے متصل خدابخش بروہی گوٹھ میں پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ایک مکان پر چھاپہ مار کر 5 ملزمان کو ہلاک اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ مقابلے کے دوران پولیس نے 2 مشتبہ خواتین کو بھی حراست میں لے لیا۔

یہ امر بھی قابل تشویش ہے کہ ایک اغواکار کی شناخت پولیس اہلکار مختیار علی کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ ہلاک ملزم مختیار علی شکارپور میں تعینات تھا، دیگر اغوا کاروں کی شناخت اور ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کا اس طرح جرائم میں ملوث ہونا ارباب اختیار کو دعوت فکر دیتا ہے۔ اس سے پیشتر بھی فعال سیاستدانوں اور ان کے اہلخانہ کے اغوا کی وارداتیں متواتر ہوتی رہی ہیں، سابق وزیراعظم گیلانی کے صاحبزادے اور سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے کو بھی ایک عرصہ بعد بازیاب کرایا گیا تھا۔

پولیس کو تفتیش میں ہر پہلو مدنظر رکھنا چاہیے۔ ملک میں اغوا کی بڑھتی ہوئی وارداتیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ جب بااثر افراد کے اہلخانہ یوں اغوا ہورہے ہیں تو عام آدمی کی حفاظت کیسے ممکن ہوگی جن کا ویسے بھی کوئی پرسان حال نہیں۔ حالیہ مقابلہ کے بعد وزیرداخلہ سندھ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس کے محکمے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی جانب بھی توجہ مرکوز کی جانی چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔