ویمنز ورلڈکپ: شکست کی وجہ ناقص بیٹنگ رہی، منیجر

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 16 فروری 2013
قومی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے،عائشہ  فوٹو: فائل

قومی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے،عائشہ فوٹو: فائل

لاہور:  بھارت میں منعقدہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے.

اس میں ناقص کارکردگی کی وجہ بیٹنگ کو قرار دیا گیا ہے۔ نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے بات چیت میں ٹیم منیجر عائشہ اشعر نے بتایا کہ ورلڈ کپ کے حوالے سے رپورٹ اگلے ہفتے مکمل کر کے جمع کرا دی جائے گی،انھوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں پے درپے شکستوں کی وجہ کوئی اور نہیں بلکہ بیٹسمینوں کا عمدہ پرفارم نہ کرنا تھی۔

انھوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ  پلیئرز بھارت میں بعض انتہا پسند ہندوئوں کی طرف سے ملنے والی دھمکیوں کی وجہ سے عمدہ پرفارم نہ کر سکی، ان کے مطابق انتظامیہ کی طرف سے قومی ٹیم کو بھر پور سیکیورٹی فراہم کی،منیجر نے کہا کہ ٹیم جب جیتتی ہے تو اس کا سہرا تمام کھلاڑیوں کو دیا جاتا ہے، ہار کی صورت میں بھی ذمہ داری کسی ایک کھلاڑی کے بجائے پوری ٹیم کے  کھاتے میں جاتی ہے،ثناء میر الیون کی قیادت میں قومی ٹیم نے بھر پور کامیابیاں حاصل کی ہیں، میری رائے میں انھیں مستقبل میں بھی ذمہ داری ملنی چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔