امریکا پاکستان میں دوبارہ دھماکے کرانا چاہتا ہے، سراج الحق

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 25 اگست 2017
خاکستر ہونیوالے اسلام آباد سستا بازار کے متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ، میڈیاسے گفتگو۔  فوٹو:فائل

خاکستر ہونیوالے اسلام آباد سستا بازار کے متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ، میڈیاسے گفتگو۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکا کی امداد اس کے منہ پر ماری جائے، امریکا پاکستان میں دوبارہ دھماکے کرانا چاہتا ہے۔

سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت اندھی اور بہتری ہوچکی ہے، 23 مارچ 2018 یوم پاکستان کے موقع پر قائداعظم کے ویژن کے مطابق اسلامی وخوشحال پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔ پاکستان وڈیروں اور جنرلوں کی جاگیرنہیں ہے، 2018  کے جنرل الیکشن  میں جماعت اسلامی50 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دے گی، نوجوانوں کو سیاسی جماعتوں کا ایندھن نہیں بلکہ ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلیے استعمال کریں گے۔

خاکستر ہونیوالے سستا بازار کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ حکومت فوری نقصانات کا جائزہ لے اور متاثرین کو فوری معاوضہ دے، ہم قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اس مسئلے کو اٹھائیں گے۔انھوں نے کہا کہ  موجودہ نظام میں صرف خان، نواب اور جاگیر دار کا بیٹا ہی اسمبلی میں آسکتا ہے غریب کیلیے اسمبلی میں کوئی جگہ نہیں۔

ایک سوال پرانھوں نے کہا کہ ڈالروں کے بجائے ملکی مفاد کیلیے پالیسی بنائی جائے، ٹرمپ کی پاکستان کو دھمکیاں 100 فیصد خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے، ٹرمپ کے بیان پر قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس بلایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔