کثیرالجماعتی کانفرنس کے بائیکاٹ کے پیچھے کسی اور کا ہاتھ ہے، فاروق ستار

ویب ڈیسک  جمعـء 25 اگست 2017
عوام کثیرالجماعتی کانفرنس کا بائیکاٹ کرنے والی جماعتوں کا عام انتخابات میں بائیکاٹ کریں گے، فاروق ستار:  فوٹو: فائل

عوام کثیرالجماعتی کانفرنس کا بائیکاٹ کرنے والی جماعتوں کا عام انتخابات میں بائیکاٹ کریں گے، فاروق ستار: فوٹو: فائل

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار کا کہنا ہے ہم نے ایک اچھے مقصد کے لئے آل پارٹیز کانفرنس بلائی تھی لیکن تمام جماعتوں نے حامی بھرنے کے بعد معذرت کرلی اس بائیکاٹ کے پیچھے ضرور کسی کا ہاتھ ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ  ہم نے 22 اگست کے واقعے کی مذمت کی تھی  اور اسی دن پاکستان مخالف عناصر سے علیحدگی کا بھی اعلان کردیا تھا امید ہے ہمیں ضرور انصاف ملے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کانفرنس کابائیکاٹ کرنے والوں نےبانی متحدہ کی تقریر کی توثیق کی

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم نے اچھے مقصد کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلائی تھی اور جب سیاسی جماعتوں کو دعوت دی گئی تو ناصرف ہمارا والہانہ استقبال کیا گیا بلکہ ہماری دعوت کو قبول بھی کیا گیا لیکن جس روز کانفرنس تھی ہمیں 2 گھنٹے قبل میڈیا کے ذریعے پتہ چلا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے ایک ساتھ ہی بائیکاٹ کردیا ہے جو ہمارے لیےاچھنبےکی بات ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کے ایک ساتھ بائیکاٹ کے پیچھے ضرور کوئی بات اور کسی کا ہاتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام ہمارے اچھے مقصد کا بائیکاٹ کرنے والی سیاسی جماعتوں کا 2018 کے عام انتخابات میں بائیکاٹ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔