سعودی شہزادے نے 7 دن کی چھٹیوں پر 7.5 کروڑ روپے خرچ کردیئے

ویب ڈیسک  جمعـء 25 اگست 2017
شہزادہ الولید بن طلال بن عبدالعزیز السعود اس وقت دنیا کے 45 ویں امیر ترین شخص ہیں جن کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 19 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ (فوٹو: فائل)

شہزادہ الولید بن طلال بن عبدالعزیز السعود اس وقت دنیا کے 45 ویں امیر ترین شخص ہیں جن کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 19 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ (فوٹو: فائل)

انقرہ: سعودی شہزادے الولید بن طلال بن عبدالعزیز السعود نے صرف ایک ہفتے کے دوران اپنی چھٹیوں پر 5 لاکھ 58 ہزار پاؤنڈ یعنی ساڑھے سات کروڑ پاکستانی روپوں سے بھی زیادہ رقم خرچ کردی۔

شہزادہ الولید بن طلال  اپنے اہلِ خانہ اور ملازمین سمیت دو درجن سے زائد افراد کے ہمراہ ترکی کے علاقے بودرم کے ایک مہنگے ریزورٹ میں قیام پذیر رہے تاہم یہ سارے اخراجات انہوں نے اپنی ذاتی جیب سے پورے کیے۔

واضح رہے کہ شہزادہ الولید ’’کنگڈم ہولڈنگ کمپنی‘‘ کے مالک ہیں اور فوربس میگزین کے مطابق دنیا کے 45 ویں امیر ترین شخص ہیں جن کے ذاتی اثاثوں کی مجموعی مالیت تقریباً 19 ارب ڈالر ہے۔ وہ ٹوئٹر کے علاوہ دوسری بڑی عالمی کمپنیوں کے اہم حصہ داروں میں بھی شامل ہیں۔

ترک روزنامہ ’’حریت‘‘ کے مطابق شہزادہ الولید 14 اگست کو ترکی پہنچے تھے اور ان کے ساتھ 300 سوٹ کیس بھی تھے جبکہ ساحلی علاقے میں تفریح کی غرض سے 30 سائیکلیں ان کے علاوہ تھیں۔ ان کا یہ سارا سامان ایک بڑے ٹرک پر لاد کر ہوٹل پہنچایا گیا۔

62 سالہ سعودی شہزادے کی حفاظت پر ان کے 12 ذاتی باڈی گارڈز بھی ساتھ آئے تھے۔ ساحلِ سمندر پر انہوں نے اپنے لیے ایک پورا ہوٹل کرائے پر لے رکھا تھا جو ایک ہفتے تک ان کے استعمال میں رہا۔ ایک مقامی ہوٹل میں انہوں نے کھانے سے خوش ہوکر باورچی کو تقریباً ساڑھے چار ہزار پاؤنڈ ٹپ بھی دی اور اسی طرح لاکھوں پاؤنڈ دیگر تفریحات پر خرچ کیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔