پیپلزپارٹی سندھ میں بھرپورسیاسی قوت کا مظاہرہ کریگی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 16 فروری 2013
پہلاعوامی جلسہ کراچی میں مارچ کے پہلے ہفتے میں ہوگا، بلاول بھٹو زرداری خطاب کرینگے۔ فوٹو: فائل

پہلاعوامی جلسہ کراچی میں مارچ کے پہلے ہفتے میں ہوگا، بلاول بھٹو زرداری خطاب کرینگے۔ فوٹو: فائل

کراچی: پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے سندھ میں بھرپور سیاسی قوت کو مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے لیے صوبے بھر میں بڑے عوامی جلسے منعقد کیے جائیں گے۔ ان جلسوں سے پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔ جلسوں کے انعقادکے لیے سنیئر صوبائی وزیر پیر مظہرالحق کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے،جس میں تاج حیدر، محمد ایاز سومرو، منظور وسان، آغا سراج درانی، شرجیل انعام میمن اور مکیش کمار چاولہ شامل ہونگے۔ یہ جلسے 2 مرحلوں میں منعقد کیے جائیں گے۔

پہلے مرحلے میں بڑے عوام جلسے کراچی، حیدرآباد، خیرپور، لاڑکانہ ، نواب شاہ اور سکھر میں منعقد کیے جائیں گے ، جبکہ دوسرے مرحلے میں صوبے کے دیگر اضلاع میں عوامی جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان جلسوں کا آغاز مارچ کے پہلے ہفتے سے ہوگا اور یہ جلسے انتخابات سے پہلے تک جاری رہیں گے۔ پیپلزپارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ جلسوں کے انعقاد کے لیے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی صوبائی قیادت کو ہدایات جاری کردی ہیںاور کہا گیا ہے کہ جلسوں کی تیاری کے لیے قائم کمیٹی ضلعی قیادت کے ساتھ مل کرجلسوں کے شیڈول کو حتمی شکل دے۔

1

ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے گرینڈ الائنس بننے کے بعد صوبے میں بھرپورعوامی رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی قیادت نے سندھ سے تعلق رکھنے والے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی و سینیٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے حلقے میں زیادہ سے زیادہ وقت دیں، عوام سے رابطے میں رہیں اورعوامی مسائل کا فوری ازالہ کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کا پہلا عوامی جلسہ کراچی میں مارچ کے پہلے ہفتے میں منعقد ہوگا ۔ یہ جلسہ نشتر پارک یا لیاری میں قائم ککری گرائونڈ میں منعقد کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔