بنگلا دیش جنوبی افریقی لیگ سے تصادم پر پریشان

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 26 اگست 2017
بی پی ایل نے اپنے ایونٹ کی تاریخوں کا اعلان جنوبی افریقہ لیگ کے انعقاد سے تقریباً 2 ماہ قبل کردیا تھا. فوٹو : فائل

بی پی ایل نے اپنے ایونٹ کی تاریخوں کا اعلان جنوبی افریقہ لیگ کے انعقاد سے تقریباً 2 ماہ قبل کردیا تھا. فوٹو : فائل

ڈھاکا: جنوبی افریقہ کی گلوبل لیگ سے تصادم نے بنگلا دیش کو پریشان کردیا، دونوں کے ایونٹس کی تاریخیں تقریباً یکساں ہیں جب کہ بنگلا فرنچائز سے معاہدے کرنے والے کم از کم 7 پلیئرز کو جنوبی افریقی بورڈ نے بھی اپنے پلیئرز ڈرافٹ میں شامل کرلیا ہے، اس میں پاکستانی اسٹار شاہد آفریدی بھی موجود ہیں۔

جنوبی افریقہ کی گلوبل ٹوئنٹی 20 لیگ آمد سے قبل ہی تنازع کا شکار ہونے جا رہی ہے، پروٹیز حکام نے ایونٹ کیلیے مرتب کردہ غیرملکی پلیئرز ڈرافٹ لسٹ میں 7 ایسے کھلاڑیوں کو شامل کرلیا جو پہلے سے ہی بنگلا پریمیئر لیگ کی مختلف فرنچائز کے زیر معاہدہ ہیں، بنگلا ٹیموں نے سال کے پہلے کوارٹر میں ان سے معاہدے کرلیے تھے، اس صورتحال پر یقینی طور پر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کو بھی فکر لاحق ہوگی،جنوبی افریقی لیگ کا پلیئرز ڈرافٹ اتوار کو کیپ ٹائون میں منعقد ہوگا، افتتاحی ایڈیشن 4 نومبر سے شروع ہونا ہے جبکہ فیصلہ کن معرکہ 16 دسمبر کو ہوگا۔

دوسری جانب بنگلا دیشی ایونٹ سلہٹ میں 3 نومبر سے شیڈول ہے، بی پی ایل نے اپنے ایونٹ کی تاریخوں کا اعلان جنوبی افریقہ لیگ کے انعقاد سے تقریباً 2 ماہ قبل کردیا تھا، واضح رہے کہ دفاعی چیمپئن ڈھاکا ڈائنامائٹس کا کیمرون ڈیلپورٹ اورشاہد آفریدی سے معاہدہ ہے، چٹاگانگ ویکنگز نے لیام ڈائوسن سے ناطہ جوڑ رکھا ہے جبکہ ویسٹ انڈین اسٹار ڈیرن سیمی نے راجشاہی کنگز کو دوسرے برس بھی دستیابی کا یقین دلادیا ہے، کھلنا ٹائٹنز نے پاکستانی پیسر جنید خان، انگلش کرکٹر ڈیوڈ میلان اور ویسٹ انڈین آل رائونڈ کارلوس بریتھ ویٹ سے معاہدے کررکھے ہیں۔

دوسری طرف ڈائنامائٹس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عبید نظام نے کہا کہ جنوبی افریقی بورڈ نے اپنا ہوم ورک درست طورپر نہیں کیا، ہم نے بنگلا دیش بورڈ کی وساطت سے سی ایس اے کو خط بھیجا، جس میں پہلے سے زیرمعاہدہ پلیئرز کے نام ڈرافٹ فہرسٹ سے نکال دینے کی درخواست کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔