ملتان: سیاسی پوسٹر پھاڑنے پر کشیدگی ، فائرنگ سے لڑکا ہلاک

خبر ایجنسیاں  ہفتہ 16 فروری 2013
پاکستان سرائیکی پارٹی کی جانب سے احتجاجی دھرنا دیا گیا، ایم ایس ایف سے تصادم فوٹو: فائل

پاکستان سرائیکی پارٹی کی جانب سے احتجاجی دھرنا دیا گیا، ایم ایس ایف سے تصادم فوٹو: فائل

ملتان: ملتان میں نواں چوک پر سیاسی پوسٹر پھاڑنے پر2 گروپوں میں کشیدگی کے بعد نامعلوم افراد کی فائرنگ سے14 سالہ لڑکاجاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا، فائرنگ کے بعد علاقے میں بھگدڑ گئی مچ گئی۔

پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ،ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔ جمعے کو نواں شہر چوک پر مجوزہ بہاولپور جنوبی پنجاب صوبے کے خلاف پاکستان سرائیکی پارٹی کے صدر تاج محمد لنگاہکی کی قیادت دھرنا دیا گیا۔ سرائیکی کارکنوں نے نواں شہر چوک پر لگے مسلم لیگ (ن) کے پوسٹر پھاڑ دیے جس پر وہاں پر موجود ایم ایس ایف کے کارکن مشتعل ہوگئے اور انھوں نے سرائیکی پارٹی اور سرائیکستان یوتھ پارلیمنٹ کے کارکنوں جاوید شانی و دیگر کو تشدد کا نشانہ بنا یا۔ دھرنا ختم ہونے کے بعد ایم ایس ایف کے کارکن ن لیگ کے قائدین کے پوسٹر دوبارہ چسپاں کررہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 14سالہ محمد نصراللہ جاں بحق ہوگیا جبکہ 8 سالہ اسد زخمی ہوگیا جسے فوری طورپر نشتر اسپتال ملتان پہنچا دیا گیا۔

14

اس موقع پر ایس پی آپریشن نفیس گوہر اور آئی سی او ملتان نسیم صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عینی شاہدین اور کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا لیا جائے گا۔ پاکستان سرائیکی پارٹی کے سربراہ بیرسٹر تاج محمد لنگاہ نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ یہ واقعہ دھرنے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے جنرل سیکریٹری زاہد عدنان بھٹو نے الزام عائد کیا کہ ان کے کارکنوں پر ایک سازش کے تحت فائرنگ کی گئی جس کی فوری تحقیقات کی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔