عید الاضحی پر آلائشیں ٹھکانے لگانے کیلیے پلان تشکیل دیدیا گیا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 26 اگست 2017
شکایتی مرکز عید قرباں کے تینوں دن 24گھنٹے کام کریں گے، ملک محمد فیاض، نیئر رضا، غلام فرید کا اجلاسوں سے خطاب۔ فوٹو: شاہد علی/ایکسپریس

شکایتی مرکز عید قرباں کے تینوں دن 24گھنٹے کام کریں گے، ملک محمد فیاض، نیئر رضا، غلام فرید کا اجلاسوں سے خطاب۔ فوٹو: شاہد علی/ایکسپریس

 کراچی:  ضلعی بلدیاتی اداروں نے عیدالاضحی کے موقع پر آلائشیں ٹھکانے لگانے کا منصوبہ تشکیل دے دیا۔

مرکزی دفتر میں عیدالاضحی کے سلسلے میں قربانی کی آلائشیں اٹھانے اور صفائی کے انتظامات کاجائزہ لینے کے لیے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈی ایم سی جنوبی ملک محمد فیاض نے کہاہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور صحت وصفائی کے خصوصی انتظامات کے سلسلے میں جامع پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے تحت ضلع جنوبی کے اہم مقامات بشمول ککری گراؤنڈ، قسمت سینما، مشاملی روڈ،اردوبازار،گلاس ٹاور،حسرت موہانی روڈ،فوارہ چوک گارڈن،کھڈا مارکیٹ لیاری، پکچر روڈ ، مرزا آدم خان روڈ اور راحت ہوٹل ربّانی مسجد پر کلیکشن پوانٹس بنائے جائیں گے، اجلاس میں چیئرمین ہیلتھ کمیٹی شاہد بلوچ ، میونسپل کمشنر آفاق سعید،سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد علی،ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد ناصر ،چیف سینٹری انسپکٹرز نے شرکت کی۔

ملک محمد فیاض نے کہا کہ قربانی کے جانوروںکی آلائشیں اٹھانے کے انتظامات کے سلسلے میںگوکہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے ٹینڈر جاری کردیا ہے مگر اس ضمن میں عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے بلدیہ جنوبی انتظامیہ اپنی بھرپور معاونت ایس ایس ڈبلیو ایم بی کو فراہم کرے گی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کی غرض سے میوہ شاہ میں کھودی گئی ٹرینچز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ڈمپنگ گراؤنڈ پر دفنانے کے وقت آلائشوں پر کیمیکل، یوریا و دیگر دواؤں کا مقررہ مقدار میں چھڑکاؤ کیاجائے گا تاکہ اس سے بہترین کھادکی تیاری ممکن ہوسکے۔

چیئرمین ملک محمد فیاض نے اجلاس کو بتایا کہ ڈی ایم سی جنوبی کے مرکزی دفترواقع کے آر ایس کیپٹن روڈ نزد حقانی چوک پر قائم ایمرجنسی کنٹرول سینٹر 24گھنٹے فعال رہے گا،اس کے علاوہ نشتر روڈ پر واقع ورکشاپ اورلیاری زونل آفس میں بھی ایمرجنسی سینٹرزقائم کئے گئے ہیںجہاں عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر بروقت کاروائی کی جائے گی۔

ملک محمد فیاض نے اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران اور عملے کو ہدایت دیں کہ عیدالاضحیٰ کی نمازسے قبل عیدگاہوں،مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی کے تمام انتظامات مکمل کرلیے جائیں ،آلائشوں کو اٹھانے سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔ اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

دوسری جانب چیئرمین ڈسٹرکٹ کورنگی سید نیئر رضا نے وائس چیئرمین سید احمر علی، ڈائریکٹر ہیلتھ رفیق شیخ، سپریٹنڈنگ انجینئر طارق مغل، ڈائریکٹر نثار سومرو ودیگر کے ہمراہ عید الاضحیٰ کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی ایم سی کورنگی کے افسران و ملازمین کی تمام سرکاری چھٹیاں عید قرباں کے آپریشن کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی ہیں تمام دفاتر عید قر باں کی تعطیلات میں معمول کے مطابق کھلیں گے، اس طرح کی پلاننگ کی جائے کہ آلائشوں کو نکالنے کے بعد 15منٹ کے اندر اٹھالیا جائے اور صرف مرکزی شاہراہوں یا علاقوں تک ہی آلائشیں اٹھانے کے کام کو محدود نہ کیا جائے بلکہ اندرونی گلیوں اور علاقوں میں بھی خصوصی توجہ دے کر آلائشیں اٹھائی جائیں کیونکہ اندرونی گلیوں میں آلائشیں پڑی رہنے کی وجہ سے تعفن اور بیماری پھیلتی ہے اس لیے یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین اورکونسلر حضرات ایسے افراد پر بھی نظر رکھیں جو ایسے کام کرتے نظر آئیں۔ ان کے خلاف گندگی پھیلانے کی دفعات کے تحت جرمانہ کروائیں یا قانون کے حوالے کریں، تمام یوسیز کے دفاتر میں شکایتی مراکز قائم کرنے کے علاوہ چاروں زونز کے مرکزی دفاتروں میں بھی شکایتی سیل بنایا جائے، یوسی کے شکایتی مراکز پر یوسی چیئرمین،وائس چیئر مین ،کونسلرز خود خود عوامی شکایات کے ازالے کے لیے نگرانی کریں،چاروں زونز کے مرکزی شکایتی سیل پر موجود افسران فوری کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں یا افراد سے رابطے میں رہیں گے،چاروں زونز کے شکایتی مرکز عید قرباں کے تینوں دن 24گھنٹے کام کریں گے۔

افسران بالا نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عید قرباں میں صفائی کا کام معمول کے مطابق جاری رہے گا اس میں کوئی کوتاہی نہیں ہوناچاہیے،آلائشیں اٹھانے کے بعد صفائی کے کاموں کو بھی بھرپور طریقے سے انجام دیا جائے چونے کا چھڑکاؤ اور جراثیم کس ادویات کا اسپرے کے حوالے سے بھی انتظامات کیے جائیں تا کہ عوام کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، سیوریج والوں کو بھی آئی ہوئی شکایتوں کی اطلاع دے دی جائے تا کی عید قر باں سے قبل سیوریج کا عملہ بھی سیوریج لائنوں کے کام کو بھی مکمل کیا جائے۔

ادھر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی غلام فرید نے کیماڑی زون میں چاروں زونوں کے بلدیاتی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے اورآلائشوں کی منتقلی کیلیے چاروں زونز کے بلدیاتی افسران مشترکہ حکمت عملی سے پلان مرتب کریں۔

ایڈمنسٹریٹر نے اجلاس میں موجود افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی اورآلائشوں کی منتقلی کیلیے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کیلیے چاروں زونوں میں موجود تمام ہلکی و بھاری مشینری اور گاڑیوں درست حالت میں موجودگی کے ساتھ ساتھ دیگر تمام ضروری سازوسامان کی موجود گی کو بھی یقینی بنایا جائے چاروں زونوں میں کلیکشن پوائنٹس اور آلائیشوں کو دفنانے کیلیے ٹرنچز بنانے کا کام بھی قبل از وقت مکمل کیا جائے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران عوام کو صاف ستھرا اورصحت مند ماحول فراہم کرنے کیلیے چاروں زونوں میں صفائی اورکچرے کی منتقلی کا عمل بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے۔

علاوہ ازیں اجلاس میں موجود بلدیاتی افسران نے ایڈمنسٹریٹر کوعیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی اورآلائشوں کی منتقلی کیلیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چاروں زونوں موجود مشینری و گاڑیوںکی درست حالت میں موجودگی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کلیکشن پوائنٹس کیلیے جگہ کا انتخاب اور ڈمپنگ پوائنٹس پر ٹرنچز بنانے کا کام شرو ع کیا جاچکا ہے،عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ چونے و جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کے بھی خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔