کرکٹ کے بعد ہاکی کی رونقیں بھی واپس لوٹیں گی

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 26 اگست 2017
نومبر میں ورلڈ الیون پاکستان کا دورہ کرے گی، ذرائع۔ فوٹو: فائل

نومبر میں ورلڈ الیون پاکستان کا دورہ کرے گی، ذرائع۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  پاکستان میں عالمی کرکٹ کے بعد اب ہاکی کی رونقیں بھی واپس لوٹیں گی۔

مارچ 2009 میں بعض شدت پسندوں کے سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل کھیلوں کے لیے نو گو ایریا بنا رہا، اس صورتحال کے بعد پاکستان کو نہ صرف چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ کی میزبانی سے محروم ہونا پڑا بلکہ گرین شرٹس کو اپنی  ہوم سیریز  بھی دیار غیر میں کھیلنا پڑیں، پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل مقابلے کے کامیاب انعقاد کے بعد دنیا کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا اور ورلڈ الیون آئندہ ماہ لاہور میں کھیلنے کیلیے راضی ہوئی ہے.

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اعلان کرتے ہوئے  کہا تھا کہ کرکٹ کی ورلڈ الیون کے ستمبر میں پاکستان کے دورے سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر ابھرے گا اور کرکٹ، ہاکی کے علاوہ دیگر کھیلوں کی عالمی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ انٹرنیشنل  کرکٹرز کی پاکستان آمد کے ساتھ ہی  ہاکی شائقین کو بھی بڑی خوشخبری مل رہی ہے اور ہاکی ورلڈ الیون بھی پاکستان آنے کیلیے تیار ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ذرائع کے مطابق نومبر میں ہاکی کی ورلڈ الیون پاکستان کا دورہ کرے گی، یہ مقابلے لاہور اور کراچی میں ہونے کا قوی امکان ہے، یہ بات قابل ذکر ہے کہ صدر پی ایچ ایف بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے بھی کچھ دن قبل آرمی چیف  جنرل قمر جاوید باجوہ سے ون ٹو ون ملاقات کی تھی جس میں انھوں نے آرمی چیف کو ورلڈ الیون کے دورۂ پاکستان کے حوالے سے بریفنگ دی تھی.

ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران آرمی چیف نے صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ورلڈ الیون کے دورۂ پاکستان کے دوران مکمل طور پر سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی۔ آئندہ ماہ اسلام آباد میں شیڈول پی ایچ ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں بھی ورلڈ الیون کی پاکستان آمد کا معاملہ زیر بٖحث آیا تھا، ارکان اس بات پر متفق تھے کہ انٹرنیشنل ٹیموں کے اعتماد میں بحالی کیلیے ورلڈ الیون کا پاکستان کا دورہ ضروری ہے۔ ورلڈ الیون ٹیم میں اولمپکس، ورلڈ چیمپئن ٹیموں کے کھلاڑی بھی شامل ہوں گے، ان ممالک میں آسٹریلیا، جرمنی، انگلینڈ، بیلجیئم، آئرلینڈ، اسپین اور نیوزی لینڈ کے پلیئرز قابل ذکر ہیں۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ ورلڈ الیون کے دورۂ پاکستان کے کامیاب انعقاد کے بعد پی ایچ ایف رواں برس ہی پاکستان ہاکی لیگ کے انعقاد کیلیے بھی سنجیدہ ہے۔ لیگ کو کامیاب بنانے کیلیے فیڈریشن حکام نے ابھی سے غیر ملکی کھلاڑیوں سے  رابطے شروع کر رکھے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔