بلڈرز مافیا نے 50 ارب روپے بٹور لیے، قومی خزانے کو ایک ارب20 کروڑ کا نقصان، رپورٹ

عادل جواد  ہفتہ 26 اگست 2017
مزید کارروائی کے لیے اعلیٰ حکام کو رپورٹ ارسال، 11 ٹاؤنز میں غیرقانونی تعمیرات کے بارے میں تحقیقات جاری۔ فوٹو: فائل

مزید کارروائی کے لیے اعلیٰ حکام کو رپورٹ ارسال، 11 ٹاؤنز میں غیرقانونی تعمیرات کے بارے میں تحقیقات جاری۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  بلڈرز مافیا نے متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ ملی بھگت کرکے غیرقانونی طور پر الاٹ کی گئی اراضی، رفاہی اور رہائشی زمین پر کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیرکے ذریعے 50 ارب روپے سے زائد غیرقانونی منافع حاصل کیا جبکہ اراضی کا استعمال غیرقانونی طور پر تبدیل کرکے قومی خزانے کو ایک ارب20کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔

محکمہ اینٹی کرپشن نے کراچی کے20 میں سے 9 ٹاؤنز میں غیرقانونی تعمیرات، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور بلڈرز مافیا کی ملی بھگت سے شہریوں سے بڑے پیمانے پر دھوکا دہی اور قومی خزانے کو اربوں روپے کے نقصان کے الزامات کے تحت اپنی تحقیقات مکمل کرلی جبکہ دیگر 11 ٹاؤنز میں غیرقانونی تعمیرات کی رپورٹ زیرتکمیل ہے۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیاہے کہ کراچی میں بڑے پیمانے پر تعمیرات کی تحقیقات کے دوران محکمہ اینٹی کرپشن کو غیرمعمولی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، 20 میں سے9 ٹاؤنز میں غیرقانونی تعمیرات کی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں اور اعلیٰ حکام کو مزید کارروائی کیلیے رپورٹ ارسال کردی گئی ہے جبکہ دیگر 11 ٹاؤنزکی رپورٹ بھی جلد مکمل کرلی جائے گی۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر ریگولیٹری اداروں کی جانب سے کثیرالمنزلہ عمارتوں میں دکانوں، گوداموں، فلیٹس، رہائشی پلاٹوں پر یونٹس اور پورشنزکی تعمیر، زمین کے استعمال کو تبدیل کرنے، غیرقانونی منزلوں کی تعمیراور رفاہی پلاٹ پرتعمیرات جیسی غیرمعمولی بے قاعدگیاں سامنے آئی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ صرف زمین کے استعمال کو تبدیل کرنے کی فیس کی مد میں سرکاری خزانے کو ایک ارب20 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے جبکہ بے قاعدگیوں کے ذریعے بلڈرز مافیا نے شہریوں سے غیرقانونی طور پر 50 ارب روپے کا منافع کمایا، 9 ٹاؤنزکی انکوائریز پر مزید کارروائی کیلیے اعلیٰ حکام کورپورٹ ارسال کر دی۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن کی تحقیقات میں دریافت کی جانے والی بے قاعدگیوں کے نتیجے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے غیرقانونی طور پر تعمیرکی گئی چند عمارتوں کے خلاف کارروائی بھی کی ہے، رپورٹ میں یہ توقع ظاہرکی گئی ہے کہ قوانین کے مطابق اجازت ملنے کے بعد اس سلسلے میں متعدد مقدمات درج کیے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔