بھارت خطے میں امن کا ضامن نہیں ہوسکتا، دفتر خارجہ

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 26 اگست 2017
امریکی الزامات کے بعدکابینہ،سلامتی کمیٹی نے حکمت عملی واضح کردی،ترجمان۔ فوٹو : فائل

امریکی الزامات کے بعدکابینہ،سلامتی کمیٹی نے حکمت عملی واضح کردی،ترجمان۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکی الزامات مسترد کر دیے ہیں اور پاکستان کی کابینہ اور قومی سلامتی کمیٹی نے اپنی حکمت عملی واضح کر دی ہے، بھارت جیسا ریاستی دہشتگردی میں ملوث ملک خطے میں امن کا ضامن نہیں ہوسکتا۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے جمعے کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کسی بھی ملک نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان جتنی قربانیاں نہیں دیں، پاکستان قومی مفاد میں دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رکھے گا۔انھوں نے کہا کہ عالمی برادری دہشتگردی کیخلاف ہماری کامیابیوں کو مانتی ہے۔ ہم نے تمام دہشتگردوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی اور امریکی سینیٹرز کو وزیرستان کا دورہ بھی کرایا، امریکی سینیٹرز نے صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

نفیس زکریا نے بتایا کہ امریکا اور عالمی برادری حکومتی فیصلے کے بارے میں آگاہ ہو چکے ہیں، وزیر خارجہ خطے کے مختلف ممالک کا دورہ کریں گے جس کا مقصد دوست ملکوں سے مشاورت کرنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔