پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، ندی نالوں میں طغیانی

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 اگست 2017
پنجاب میں ہونے والی بارشوں سے سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے؛فوٹوفائل

پنجاب میں ہونے والی بارشوں سے سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے؛فوٹوفائل

لاہور: پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بادل خوب جم کر برسے تاہم بارش نے انتظامیہ کا پول کھول دیاہے، گزشتہ کئی روز سے جاری بارشوں کے باعث پنجاب ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگا ہے جس کے باعث سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث جہاں گرمی کا زور کم ہو اہے وہیں شہر ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگا ہے ، بارش کے باعث کاروبار زندگی سخت متاثر ہوا ہے، کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں اور سرکاری عمارات میں داخل ہوگیا ہے، جب کہ سوہاوہ میں ندی نالوں میں طغیانی اور ڈی آئی جی خان میں درخت اکھڑ گئے جس کے باعث معمولی نوعیت کے حادثات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھاربارشیں، سیلاب کا خدشہ

پنجاب میں گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں 86 ملی میٹر، چکلالہ میں 70، اسلام آباد میں بوکرہ کے مقام پر85، گولڑہ میں 50، زیروپوائنٹ میں 39 جب کہ سیدپورمیں 23 ملی میٹر، سیالکوٹ سٹی میں 78، منڈی بہاوٰالدین میں 73، منگلا میں 35، جہلم 34، مری 27، گجرات22، چکوال 16، قصور 15، گوجرانوالہ 13، کامرہ12 جب کہ  لاہور میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 12 گھنٹوں میں راولپنڈی، گوجرانوالہ،  لاہور، سرگودھا ، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، ٖفیصل آباد، ساہیوال، ملتان،بہاولپور، ڈی جی خان، ڈی آی خان،سبی، ژوب، نصیرآباد ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں  تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جب کہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔