عوام کو بلاول کی قیادت چاہیے 70 سال کا بوڑھا نہیں، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 اگست 2017

فتح جنگ: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بلاول بھٹو کی قیادت چاہیے 70 سال کا بوڑھا نہیں۔

فتح جنگ میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ تحریک انصاف کے ساتھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہ رکتے ہیں نہ ڈرتے ہیں اور نہ ہی بھاگتے ہیں، ہمارے ساتھ وہ قوتیں نہیں جوسازشوں سے اقتدار میں آتی ہیں، پی ٹی آئی اپنے صوبے میں اقتدار کی طاقت کھو چکی ہے۔

خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ  آج آصف زرداری بری ہورہےہیں، تم غروب ہورہے ہو اور ہم طلوع ہورہے ہیں، ملک کے عوام کی آخری امید بلاول بھٹو ہے۔ پی ٹی آئی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے مزید کہا کہ ہمارا موازنہ ان جماعتوں سے نہ کیا جائے جو سازشوں سے حکومتوں میں آتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نوازشریف بہت خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ  ایک دوست نے کہا کہ ہمارا مقابلہ پی ٹی آئی سے ہے، نام نہاد سیاستدان کہتے ہیں کہ ہمیں وزیراعظم بنایا جائے، حکمرانی کا حق صرف عوام کو ہے کسی اور کو نہیں۔

قبل ازیں اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم میں لمبے عرصے کی حکومت کے لئے برداشت نہیں اس لیے اسمبلیوں کی مدت 4 سال کی جائے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2014 میں مطالبہ کیا تھا کہ اسمبلیوں کی مدت 4 سال مقرر کی جائے اور میرے اس مطالبے پر نوازشریف اور اسحاق ڈار نے بھی اتفاق کیا تھا، جو 2014 میں ہوا تھا وہ دوبارہ بھی ہوسکتا ہے اس لئے بہتر ہوگا کہ حکومت اس حوالے سے اقدامات کرے ہم ان کا ساتھ دیں گے۔ میں آج بھی کہتا ہوں کہ ملک اور اداروں کی بہتری کے لئے آئینی اصلاحات میں اسمبلیوں کی مدت 4 سال کی جائے کیوں کہ ہم میں برداشت نہیں ہم لمبے عرصے کی حکومت کو برداشت نہیں کرسکتے۔

ملک میں ہونے والی حالیہ مردم شماری پراعتراض کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف نے کہا کہ مردم شماری کے عمل میں صرف جان چھڑائی گئی شماریات ڈویژن اور فوج کے ریکارڈ کا موازنہ کرلیا جائے تو تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔