ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے جاتی سردی پھر لوٹ آئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 فروری 2013
گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے زیادہ سردی پارہ چنار میں سردی رہی جہاں کم سے کم منفی 9 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا فوٹو: فائل

گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے زیادہ سردی پارہ چنار میں سردی رہی جہاں کم سے کم منفی 9 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا فوٹو: فائل

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں ہیں۔ 

پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں گزشتہ روز سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، لاہور اور گوجرانوالہ ریجن میں صبح سے جاری موسلا دھار بارش سے سردی میں پھر اضافہ ہوگیا ہے جبکہ حافظ آباد ، سیالکوٹ ، نارووال ، منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اس کے علاوہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور دیگھر علاقوں میں بھی ہلکی بارش نے جہاں موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے وہیں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں اور ہزارہ ڈویژن میں لینڈ سلائڈنگ اور برفباری سے آمد و رفت معطل ہوگئی ہے جبکہ مانسہرہ، بٹگرام،تور غر اور کوہستان میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری جاری ہے۔ برف باری سے کاغان ،سرن،بٹل اور الائی میں رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ گلگت بلتستان کے علاقوں اسکردو،غذر،استور،دیامر اور ہنزہ نگر کے پہاڑوں پر 2روز سے برف باری جاری ہے جس کی وجہ سے متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں اور لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔

شمال مشرقی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں تیسرے روز بھی بارش اور ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں موسم صاف ہوگیا ہے تاہم بعض علاقوں میں ہلکے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ شدید سردی کے دوران بجلی اور گیس کی بندش نے کی لوڈ شیڈنگ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے زیادہ سردی پارہ چنار میں سردی رہی جہاں کم سے کم منفی 9 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان اور میدانی پنجاب کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔