بچے کی قابل اعتراض ویڈیو شیئرکرنے پررشی کپورکے خلاف مقدمہ درج

ویب ڈیسک  اتوار 27 اگست 2017
رشی کپور کے خلاف ممبئی کے سائبر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کروایاگیا ہے؛فوٹوفائل

رشی کپور کے خلاف ممبئی کے سائبر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کروایاگیا ہے؛فوٹوفائل

ممبئی: نامور بالی ووڈ اداکاررشی کپور کے خلاف چھوٹے بچے کی قابل اعتراض ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرنے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

اداکاررشی کپورسوشل میڈیا پرکافی متحرک رہتے ہیں اوردوسروں کو تنقید کا نشانہ بنانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے، اپنے بے باک موقف اورکھلم کھلا بیانات کی وجہ سے رشی کپورکوکئی بارمداحوں سے معافی بھی مانگنی پڑی ہے لیکن کچھ عرصے بعد وہ پھر سے اپنی پرانی روش پرآجاتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: رشی کپور کے خلاف درخت کاٹنے پر مقدمہ درج

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روزرشی کپور نے اپنے ٹوئٹراکاؤنٹ پرایک ویڈیو شیئر کی جس کے باعث وہ ایک بار پھر تنقید کی زد میں آگئے ہیں، ویڈیو میں چھوٹے بچے کو ایک خواتین کے ساتھ نہایت بیہودہ مذاق کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جب کہ اداکار نے اس مذاق کو بچے کی ذہانت سے تشبیہ دی ہے، رشی کپور کی جانب سے مذاق کے طورپر شیئر کی گئی اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پرایک بار پھرہلچل مچادی ہے اور لوگوں کو حیرانی ہورہی ہے کہ اتنے سینئراورتجربہ کار اداکارکس طرح یہ ویڈیو اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کرسکتے ہیں۔

بھارتی این جی او’’جے ہو فاؤنڈیشن‘‘ کی چیئرمین افروز ملک  کی جانب سے چھوٹے بچے کی قابل اعتراض اور نازیبا ویڈیو شیئر کرنے کے خلاف فوراً مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی گئی ہے، ان کے نوٹس دلانے پر ممبئی کے علاقے باندرا کرلا کمپلیکس کے سائبر پولیس اسٹیشن میں چھوٹے بچے کی قابل اعتراض اور نازیبا ویڈیو شیئر کرنےکے خلاف شکایت درج کرلی گئی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: تمام مذاہب کی عزت کرتا ہوں، رشی کپورنے پھر پینترا بدل لیا

شکایت میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ رشی کپور کے ٹوئٹر پر 2.6 ملین (تقریباً 20 لاکھ) سے زائد فالوورز ہیں، اس کا مطلب ہے یہ ویڈیو 2.6 ملین سے زائد لوگوں کے پاس چلی گئی جسے نہ صرف لوگوں نے دیکھا ہوگا بلکہ اس پر اپنے ردعمل کا اظہار بھی کیا ہوگا اور کسی چھوٹے بچے کی قابل اعتراض ویڈیو کا تمام لوگوں کے پاس گھومنا بالکل بھی ٹھیک نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔