جھنگ میں تھانے کے اندر خود سوزی کرنے والا شخص جاں بحق

ویب ڈیسک  اتوار 27 اگست 2017
پولیس کی زیادتیوں اور بااثر ملزمان کو رشوت لے کر رہا کرنے کے خلاف لواحقین نے احتجاج کرکے سڑک بلاک کردی: فوٹو : فائل

پولیس کی زیادتیوں اور بااثر ملزمان کو رشوت لے کر رہا کرنے کے خلاف لواحقین نے احتجاج کرکے سڑک بلاک کردی: فوٹو : فائل

جھنگ: تھانہ اٹھارہ ہزاری میں بیوی کے ساتھ زیادتی کے ملزمان کو رہا کرنے پر احتجاجاً خود سوزی کرنے والا صفدر نامی شخص جان کی بازی ہار گیا۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق جھنگ میں تھانہ اٹھارہ ہزاری میں پولیس کے رویئے سے تنگ آکر خود سوزی کرنے والا شخص جاں بحق ہوگیا ہے۔ پولیس کی زیادتیوں اور بااثر ملزمان کو رشوت لے کر رہا کرنے کے خلاف ہلاک شخص کے لواحقین نے احتجاج کرکے سڑک بلاک کردی جس کے نتیجے میں ٹریفک جام ہوگیا۔

5 مرلہ اسکیم جبوآنہ کے رہائشی صفدر نے چند روز قبل تھانہ اٹھارہ ہزاری میں اپنی بیوی سے زیادتی کرنے والے افراد کے خلاف درخواست دی تھی، تاہم مبینہ طور پر پولیس حکام نے ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جب کہ گرفتار ملزمان کو رشوت کے عوض رہا کردیا گیا جس پر صفدر نے دلبرداشتہ ہوکر خود پر پیٹرول چھڑک کر تھانے کے اندر ہی خود کو آگ لگا دی۔

ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی صفدر کو  ٹی ایچ کیو ہسپتال 18ہزاری منتقل کیا گیا لیکن حالت مزید بگڑنے پر ڈی ایچ کیو اسپتال جھنگ منتقل کر دیا گیا تھا تاہم خود سوزی کرنے والا شخص صفدرجانبر نہ ہوسکا اور جان کی بازی ہار گیا۔

دوسری جانب ایکسپریس نیوز پرخبر نشر ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے جاں بحق صفدر کی درخواست پر کارروائی نہ کرنے والے ایس ایچ او تھانہ اٹھارہ ہزاری اور تحقیقاتی افسر کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔