عیدالاضحیٰ پر سندھ پولیس کا سیکیورٹی پلان تشکیل

ویب ڈیسک  اتوار 27 اگست 2017
صوبے بھر میں سیکیورٹی کے لیے عید الاضحیٰ کے موقع پر 12 ہزار 3 سو افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ فوٹو : فائل

صوبے بھر میں سیکیورٹی کے لیے عید الاضحیٰ کے موقع پر 12 ہزار 3 سو افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ فوٹو : فائل

 کراچی: عیدالاضحیٰ کے موقع پر سندھ پولیس نے سیکیورٹی پلان تیار کرلیا ہے جس کے مطابق صوبے بھر میں عید کے موقع پر 12 ہزار 3 سو افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔

ترجمان سندھ پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر پولیس نے کنٹی جنسی پلان تیار کرلیا گیا ہے جس کے لیے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

آئی جی سندھ کی جانب سے جاری کردی ہدایات کے مطابق قربانی کی کھالیں اکٹھا کرنے اور ان کی ترسیل و تقسیم کے حوالے سے ضابطہ اخلاق اور دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیوں پر بھی عمل در آمد کو انتہائی غیر جانبداری سے یقینی بنایا جائے جب کہ  نماز عید کے موقع پر مساجد، امام بارگاہوں اور عیدگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق عید الاضحیٰ کے موقع پر 12 ہزار 3 سو افسران واہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کی فوری اطلاع 15 مدد گار پولیس کو دیں، شہری اپنے اطراف میں مشکوک تھیلا، بریف کیس، مشتبہ گاڑی دیکھیں تو فوراً متعلقہ تھانے یا پھر پولیس ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔

ترجمان سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ  آئی جی سندھ نے پولیس افسران کو ہدایات دی ہیں کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں رہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔