کراچی میں آئی ایس او کی امریکا مخالف ریلی پرپولیس کی شیلنگ اورلاٹھی چارج

ویب ڈیسک  اتوار 27 اگست 2017
نمائش چورنگی پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، فوٹو: اسکرین گریب

نمائش چورنگی پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، فوٹو: اسکرین گریب

کراچی: امریکی صدر ڈونلڈ  ٹرمپ کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے جانے والے الزامات کے خلاف امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی ریلی پرتشدد رخ اختیار کرگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر آئی ایس او کے کارکنان اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوگئی، مظاہرین رکاوٹیں ہٹاکر آگے بڑھنا چاہتے تھے تاہم پولیس نے انہیں روکنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔ پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد مظاہرین بھی مشتعل ہوگئے اور انہوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔

اطلاعات کے مطابق مظاہرین امریکی قونصل خانے کی جانب جانا چاہتے تھے تاہم انہیں پولیس کی جانب سے روکا گیا، پہلے مذاکرات کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی گئی تاہم بات چیت ناکام ہونے کے بعد پولیس نے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی۔ تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ریلی کے شرکاء کو امریکی قونصل خانے جانے کی اجازت نہیں ہے، انہیں شاہ خراساں سے نمائش چورنگی تک امریکا مخالف ریلی نکالنے کی اجازت دی گئی تھی اور مظاہرین پر امن طریقے سے نمائش چورنگی بھی پہنچ گئے تھے اور وہاں امریکا مخالف نعرے لگارہے تھے۔ تاہم بعد ازاں مظاہرین نے آگے جانے کی کوشش کی جس پر پولیس اہلکاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی اور معاملہ بگڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پتھراؤ کرنے پر 6 افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے. بعد ازاں پولیس سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد مظاہرین پرامن طریقے سے منتشر ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔