امریکا دھمکیاں دینے پر معذرت کرے، دفاع پاکستان کونسل

نمائندہ ایکسپریس  پير 28 اگست 2017
حکومت ڈومور کے بجائے نو مور کی پالیسی اپنائے، مطالبات تسلیم ورنہ تاریخی دھرنے دیں گے، جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

حکومت ڈومور کے بجائے نو مور کی پالیسی اپنائے، مطالبات تسلیم ورنہ تاریخی دھرنے دیں گے، جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

اسلام آباد: دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کہا ہے کہ امریکا دھمکیاں دینے پر پاکستانی قوم سے معذرت کرے، ہم وطن عزیز کی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کریں گے۔

حافظ عبدالرحمن مکی، سردار عتیق، ظفر علی شاہ، پیر سید ہارون علی گیلانی، عبداللہ حمید گل، احمد رضا قصوری، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر، یوسف شاہ، سید ضیا اللہ شاہ بخاری، میاں اسلم، علامہ محمد زوار حیدر، پیر عظمت سلطان، محمد اقبال فاروقی، محمد اجمل بلوچ، سید عبدالوحید شاہ و دیگر نے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا نیٹو سپلائی فوری بند اور امریکی سفیر کو ملک بدر کیا جائے، بھارت کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی لگائی جائے، تمام شہروں میں امریکی قونصل خانے بند کیے جائیں، امریکا اور بھارت پاکستان دشمنی میں ایک ہو چکے، حکومت کو اب ڈو مور کے بجائے نو مور کی پالیسی اپنانی چاہیے، امریکا سے تعلقات پر نظرثانی کی جائے۔

دفاع پاکستان کونسل کے قائدین کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بچہ بچہ وطن عزیز کے دفاع کیلیے جانیں قربان کرنے کو تیار ہے، اگر امریکا نیوکلیئر پاور ہے تو پاکستان بھی نیوکلیئر پاور ہے، 21 کروڑ عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ملک کے دفاع میں ساتھ ہوں گے، دفاع پاکستان کونسل امریکی دھمکیوں کے خلاف تحریک جاری رکھے گی، مطالبات نہ مانے گئے تو تاریخی دھرنے دیے جائیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔