کامیاب اور پُرسکون زندگی گزارنے کے سنہری اصول

نعمان الحق  پير 28 اگست 2017

جھوٹ

  • جھوٹ دو ہی وجہ سے بولا جاتا ہے
  • کسی خوف سے یا کسی مفاد سے
  • ہمیشہ سیدھے راستے پر چلیں، آپ خوف سے نجات پالیں گے
  • اللہ پر مکمل بھروسہ رکھیں، آپ تمام مفادات سے بالاتر ہوجائیں گے
  • اگر آپ نے یہ دو کام کرلیے تو عظمت ٹوٹ کر آپ پر برسنے لگے گی

 

خوبیوں کا نادر مجموعہ

  • دنیا قابل انسانوں سے بھری پڑی ہے
  • دیانتدار لوگ آج بھی ڈھونڈنے پر مل جاتے ہیں
  • اور عجز و انکسار اختیار کرنے والوں کی بھی کمی نہیں

لیکن بدقسمتی سے

 

  • لائق لوگ عموماً لالچی اور متکبر ہوتے ہیں
  • دیانتدار حضرات عموماً نااہل ہوتے ہیں
  • اور عاجز عموماََ وہی ہوتا ہے جو محروم ہوتا ہے

اگر آپ اپنے گرد و پیش میں انقلاب برپا کرنا چاہتے ہیں تو قابلیت، دیانتداری اور عاجزی کو اپنی ذات میں یکجا کر لیجیے اگرچہ اِن خصوصیات کا ایک شخصیت میں اکٹھا ہونا بہت نایاب ہے لیکن یاد رکھیں، ریاضت انسان کو کہیں سے کہیں پہنچا دیتی ہے بشرطیکہ آپ کہیں پہنچنا چاہتے ہوں۔

کیا آپ کہیں پہنچنا چاہتے ہیں؟

سوچیں!

 

منزل مقصود

  • بغیر منزل کا تعین کیے، زندگی محض آوارہ گردی ہے
  • آوارہ گرد نہ بنیں
  • اپنی منزل اور سمت متعین کرکے چلیں
  • کہیں نہ کہیں ضرور پہنچ جائیں گے

 

ایکسپائری ڈیٹ

  • دوا، موقع اور صلاحیت، تینوں بروقت استعمال نہ ہوں تو ایکسپائر ہو جاتی ہیں
  • اپنا میڈیکل باکس کھولیں اور غیر ضروری ادویات فوراً ضرورت مندوں تک پہنچا دیں
  • جہاں اپنی یا کسی کی بہتری کا موقع ملتا ہو، اُسے کسی صورت ضائع نہ جانے دیں
  • اپنی ذات کو اچھی طرح ٹٹولیں اور خدا کی عطا کردہ صلاحیتوں کی فہرست بنالیں۔ پھر اپنی ایک ایک صلاحیت کو بنی نوع انسان کی فلاح کیلیے وقف کردیں

اگر آپ نے عہد کرلیا ہے کہ ہر ایکسپائر ہونے والی چیز سے بروقت فائدہ اٹھائیں گے تو یہ مت بھولیے کہ آپ کی اپنی بھی ایک ایکسپائری ڈیٹ ہے۔

پھر اپنے بارے میں کیا خیال ہے؟؟؟

کیا ہم خود ایکسپائر ہونے سے پہلے کسی کا بھلا کرپائیں گے؟؟؟

سوچیں۔۔۔

مکافات عمل اور تقدیر

  •  تقدیر کا لکھا ٹل سکتا ہے
  • لیکن آپ کے اپنے ہاتھ کا لکھا کبھی نہیں ٹل سکتا
  • یاد رکھیے، ظلم مکافات عمل بن کر ظالم کا پیچھا کرتا ہے اور مکافات عمل تقدیر بن کر انسان پر لپکتی ہے جو دنیا میں اُسے چھوڑ بھی دے تو آخرت میں ضرور جا پکڑے گی۔

لہذا ظلم کرنے سے پہلے ایک بار ضرور سوچیے کہ آپ بچ نہیں پائیں گے

کیونکہ

مکافات عمل تقدیر سے زیادہ یقینی ہے اور یہ حقیقت آپکے یقین کی محتاج نہیں

 

جو کام….

  •  جو کام اشارے کنایے سے ہوجائے اُس کے لیے زبان نہ چلاؤ۔ یہ غیر ضروری ہے
  • جو کام الفاظ سے ہوجائے اُس کے لیے ہاتھ نہ اٹھاؤ۔ یہ ظلم ہے
  • جو کام دست و بازو سے ہوجائے اُس کے لیے ہتھیار نہ اٹھاؤ۔ یہ فتنہ گری ہے

اور

 

  • جو کام ہتھیار سے ہوتا ہے اُس کے لیے ہاتھ نہ اٹھاؤ۔ یہ بزدلی ہے
  • جو کام ہاتھ سے ہوتا ہے اُس کے لیے زبان نہ چلاؤ۔ یہ کمزوری ہے
  • جو کام زبان سے ہوتا ہے اُس کے لیے اشارے نہ کراؤ۔ یہ منافقت ہے

دنیا کا سب سے بیوقوف انسان

  • دنیا کا سب سے بیوقوف انسان وہ ہے جو سب کو بیوقوف سمجھتا ہے
  • ایسا بیوقوف انسان اپنی ہر بات اور اپنا ہر کام یہی سمجھ کر کرتا ہے کہ میرے سوا سب بیوقوف ہیں اور اِن سب کو میری بات، میرے کام اور میری چال سمجھ نہیں آسکتی

جبکہ حقیقتاً ایسا ہوتا نہیں کہ اُس کے سوا سب بیوقوف ہوں، عقلمند لوگ بھی ارد گرد موجود ہوتے ہیں جو نہ صرف اُس کی حقیقت کو جان لیتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی سمجھا دیتے ہیں، نتیجتاً سب کو بیوقوف سمجھنے والا خود خلق خدا کی نظر میں بیوقوف بن جاتا ہے اور اسے معلوم بھی نہیں ہوتا۔

اگر وہ اپنے سوا سب کو بیوقوف سمجھنے کی بجائے سب کو خود سے عقلمند جانتا تو اپنی ہر بات، اپنے ہر کام اور ہر چال میں حددرجہ محتاط ہوتا۔

یہ محتاط رویہ اُسے یقیناً ایک عقلمند انسان کی شہرت عطا کرتا لہذا اپنے سوا سب کو بیوقوف سمجھنے کی بجائے سب کو خود سے عقلمند جانیے۔

لیکن خود پسندی کے جال میں بُری طرح پھنسے دنیا کے سب سے بیوقوف انسان کے لیے اپنے سوا سب کو عقلمند سمجھنا پہاڑ سے نہر کھودنے کے مترداف ہے۔

خواہشات اور خوشیاں

  • خواہشات بذات خود خوشیوں کی قاتل ہیں۔
  • اگر خواہش پوری ہونے کے آثار نہ ہوں تو مایوسی ہوتی ہے جو کئی نفسیاتی و روحانی عوارض ساتھ لاتی ہے۔
  • اگر خواہش پوری ہونے کے آثار ہوں تو خواہش پوری ہونے تک خواہش بڑھتی ہی جاتی ہے۔
  • خوشی محض اِس مختصر وقت کے لیے ملتی ہے جب خواہش پوری ہوتی ہے
  • پھر تکمیل خواہش ایک عامی چیز ہوجاتی ہے اور خواہش پوری ہوتے ہی خوشی مٹ جاتی ہے لیکن ساتھ ہی پہلے سے بڑی خواہش پیدا ہوجاتی ہے نتیجتاً انسان اِسی طرح خواہشات پالتے پالتے مرجاتا ہے۔

لہذا

 

  • خواہشات کو محدود رکھیں،
  • خود کو خواہشات کا غلام نہ بنائیں،
  • زندگی کو اصولوں اور نظریات کے تابع کریں
  • اور فقر و مشقت والی زندگی گزاریں

ستاری و فیاضی

اگر قدرت ہمارے کرتوتوں پر پردہ ڈالنا اور ہمارے حق سے زیادہ نوازنا چھوڑ دے تو آپ کو دنیا میں کوئی عظیم انسان نظر نہ آئے، لہذا خبط عظمت سے نکلیے اور اپنے خالق اور اسکی مخلوق دونوں کے سامنے عاجزی اختیار کیجیے، ورنہ کبھی نہ کبھی قدرت آپ کو بے نقاب کردے گی اور آپ کے حق کے مطابق عطا کرنے لگے گی، پھر آپ کہیں کے نہیں رہیں گے۔

غم اور ہمدردیاں

غم بیچ کر ہمدردیاں خریدنے کی احمقانہ کوشش نہ کریں، کیونکہ آپ کے غم اِس دنیا کی سرکس میں تماش بینوں کے لیے کچھ دیر لطف کا باعث تو بن سکتے ہیں لیکن بازار دنیا میں ایسے بیوپاری بہت کم ہیں جو غم کی اصل قیمت دے سکیں، لہذا اپنا غم گلے میں لٹکا کر اور چہرے پر سجا کر گلی گلی ہمدردیوں کی بھیک نہ مانگیں۔ یہ عمل آپکی عزت نفس کا قاتل ہے۔ اِس لیے ہر حال میں خوش رہیں کیونکہ غم بھی خوشیوں کی طرح عارضی ہوتے ہیں۔

نوٹ: تکلیف زیادہ ہو تو اللہ سے رجوع فرمائیں

قد

  • جب اپنا قد اصل سے بڑا نظر آنے لگے تو دوسروں کا قد اصل سے چھوٹا نظر آنے لگتا ہے
  • یہی اپنی ذات کا تکبر اور دوسروں پر حقارت کی نگاہ ڈالنا ہے
  • اپنی اوقات پر کڑی نظر رکھیں، یہ مسئلہ حل ہوجائے گا
  • ورنہ متکبر انسان کو قدرت دنیا میں ہی خاک چاٹنے پر مجبور کردیتی ہے
  • غور کرلیں، کہیں آپ بھی خاک چاٹنے کے لیے قطار میں تو نہیں لگے ہوئے؟

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا لکھاری کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے

اگر آپ بھی ہمارے لیے بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریراپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک و ٹویٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کیساتھ  [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اور ویڈیو لنکس بھی

نعمان الحق

نعمان الحق

بلاگر پیشے کے لحاظ سے الیکٹریکل انجنئیر ہیں۔ آپ اُن سے بذریعہ ای میل رابطہ کرسکتے ہیں۔ [email protected]

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔