فیکٹری آتشزدگی کیس تفتیشی افسر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسٹاف رپورٹر  اتوار 17 فروری 2013
 بہنوئی کو قتل کی دھمکی دینے کے الزام میں ملوث اشتہاری ملزم سٹی کورٹ کے احاطے سے گرفتار
  فوٹو: اے ایف پی / فائل

بہنوئی کو قتل کی دھمکی دینے کے الزام میں ملوث اشتہاری ملزم سٹی کورٹ کے احاطے سے گرفتار فوٹو: اے ایف پی / فائل

کراچی: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی عبداﷲ چنہ نے فیکٹری آتشزدگی کیس میں تفتیشی افسر کی عدم حاضری کے باعث قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں اور 23فروری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کو سانحہ بلدیہ فیکٹری آتشزدگی کیس میں قتل کی دفعہ خارج کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے موقع پر مقدمے کے تفتیشی افسر جہاں زیب عدالت سے غیرحاضر ہوگئے ،فاضل عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ہے۔

واضح رہے کہ تفتیشی افسر نے وکیل سرکار کی رائے اور جانچ پڑتال کرائے بغیر فاضل عدالت میں جمع کردیا تھا، چالان میں پولیس افسر نے اپنی مرضی سے قتل کی دفعہ خارج کردی تھی جس پر وکیل سرکار نے فاضل عدالت میں اعتراض داخل کیا تھا، عدالت نے طرفین وکلا کے حتمی دلائل سننے کیلیے تفتیشی افسر کو طلب کیا تھا۔

تاہم پولیس افسر نے عدالت میں پیش ہونے سے انکار کردیا تھا،سماعت کے موقع پر مقدمے میں ملوث ملزمان عدالت میں موجود تھے ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی ندیم احمد خان نے جوڈیشل مجسٹریٹ قتل کیس کی سماعت گواہوں کی عدم حاضری کے باعث 2 مارچ تک ملتوی کردی ، بہنوئی کو قتل کی دھمکی دینے کے الزام میں ملوث اشتہاری ملزم کو سٹی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کرلیا، عدالت نے جیل بھیج دیا ہے، ہفتے کو قتل کی دھمکی دینے کے الزام میں ملوث ملزم دانیال کو تھانہ سٹی کورٹ میں گھومتے ہوئے گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔