اسٹیل ٹاؤن : موبائل فون کی دکان میں چوری ،دکانداروں کا احتجاج

اسٹاف رپورٹر  اتوار 17 فروری 2013
وارداتوں میں اضافہ ہوگیا،ڈاکوؤں کو گرفتار کیاجائے ،دکانداروں کا آئی جی سے مطالبہ. فوٹو: فائل

وارداتوں میں اضافہ ہوگیا،ڈاکوؤں کو گرفتار کیاجائے ،دکانداروں کا آئی جی سے مطالبہ. فوٹو: فائل

کراچی: اسٹیل ٹائون میں نامعلوم ملزمان نے موبائل فون کی دکان کے تالے توڑ کر دکان سے 50 ہزار روپے مالیت کے موبائل فون اور دیگر سامان چوری کرلیا ۔

واقعے کے خلاف دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے تھانے کا گھیرائو کیا ، تفصیلات کے مطابق گلشن حدید میں نامعلوم ملزمان نے موبائل فون کی دکان کے تالے توڑ کر سامان لوٹ لیا ، دکاندار اسد حسین نے پولیس کو بتایا کہ وہ جمعہ کو حسب معمول رات کو دکان بند کرکے گیا ہے۔

لیکن جب ہفتہ کی صبح وہ دکان کھولنے پہنچا تو تالے ٹوٹے ہوئے تھے اور دکان سے سامان غائب تھا ، انھوں نے بتایا کہ چوری شدہ موبائل فون اور دیگر سامان کی مالیت 50 ہزار روپے سے زائد ہے، اسد نے بتایا کہ چند ماہ قبل بھی موبائل کی دکان لوٹی گئی تھی ،ڈاکوئوں نے مزاحمت پر اسے فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا ، واقعے کے خلاف دکانداروں نے شدید احتجاج کیا ،دکاندار جلوس کی شکل میں اسٹیل ٹائون تھانے پہنچے اورتھانے کا گھیرائوکرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی،دکانداروں نے کہا کہ گذشتہ کئی ماہ سے علاقے میں لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ، پولیس خاموش تماشائی کا کردارادا کرتی ہے ،انھوں نے آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کرکے سامان برآمد کیا جائے اور انھیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔