بغداد کی پرہجوم مارکیٹ میں کار بم دھماکا، 12 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  پير 28 اگست 2017
دھماکے کے نتیجے میں 28 افراد زخمی بھی ہوئے۔ فوٹو : فائل

دھماکے کے نتیجے میں 28 افراد زخمی بھی ہوئے۔ فوٹو : فائل

 بغداد: عراق کے دارالحکومت کی پرہجوم مارکیٹ میں کار بم دھماکے کے نتیجے 12 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے۔

عرب میڈیا رپورٹ نے عراقی حکام کے حوالے سے بتایا کہ بغداد کی ہول سیل جمیلہ مارکیٹ میں بارود سے بھری گاڑی میں صبح کے وقت زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں اب تک 12 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ آس پاس کھڑی گاڑیوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ فضاء میں دھویں کے بادل چھا گئے۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا۔ حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے۔

واضح رہے کہ عراق میں امریکی اور عراقی فورسز داعش کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں۔ شام کی سرحد سے متصل عراقی علاقے تلعفر میں داعش کا قبضہ ہے تاہم عراقی فورسز نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے تلعفر کے شمالی قصبے کو مکمل طور پر داعش کے قبضے سے چھڑالیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔