ویمنز ورلڈ کپ کی چیمپئن ٹیم کا فیصلہ آج ہوگا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 17 فروری 2013
ممبئی: آسٹریلوی کپتان جوڈی فیلڈز ویسٹ انڈین ہم منصب میریسا اگلریا کے ساتھ ویمنز ورلڈ کپ کی ٹرافی تھامے پوز دے رہی ہیں، فائنل آج ہوگا۔  فوٹو : اے ایف پی

ممبئی: آسٹریلوی کپتان جوڈی فیلڈز ویسٹ انڈین ہم منصب میریسا اگلریا کے ساتھ ویمنز ورلڈ کپ کی ٹرافی تھامے پوز دے رہی ہیں، فائنل آج ہوگا۔ فوٹو : اے ایف پی

ممبئی: ویمنز ورلڈ کپ کی چیمپئن ٹیم کا فیصلہ اتوار کو ہوگا، آسٹریلوی ٹیم چھٹی بار چیمپئن کا تاج سر پر سجانے کی کوشش کریگی، ویسٹ انڈیز کی نگاہیں اولین ٹائٹل حاصل کرنے پر مرکوز ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کینگروز کو رواں ایونٹ میں واحد شکست سپر سکسز مرحلے کے آخری میچ میں کیریبیئن ٹیم کے ہاتھوں ہی ہوئی تھی، کپتان جولی فیلڈز ہار کا سبب بننے والی خامیوںکو تسلیم کرتے ہوئے فیصلہ کن معرکے میں بدلہ چکانے کیلیے پُرعزم ہیں، یلو شرٹس کو ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 13 وکٹیں حاصل کرنے والی میگان شیٹ سے خاصی امیدیں وابستہ ہوں گی، انھیں ہولی فرلنگ کا ساتھ بھی حاصل ہے، تجربہ کار اسپنر لیزا استھلیکر اور ایرن اوسبورن حریف ٹیم کو پریشان کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

آسٹریلوی بیٹنگ ابھی تک کھل کر جوہر دکھانے میں کامیاب نہیں ہوسکی مگر ان فارم ریشل ہائنز اور جارح مزاج میگ لیننگ بولرز کا امتحان لے سکتی ہیں۔ دوسری طرف ویسٹ انڈیز کوگروپ مرحلے میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی، اس کے باوجود فائنل کی طرف سفر جاری رکھنے والی ٹیم ایک اور فتح کے ساتھ اپنی تاریخ کے اولین ٹائٹل پر قبضہ جمانے کیلیے بیتاب ہے، آئی سی سی ون ڈے پلیئر آف دی ایئر اسٹیفنی ٹیلر ایونٹ میں 309 رنز بنانے کے ساتھ 6 وکٹیں بھی حاصل کرچکیں۔

وہ ایک بار پھر امیدوں کا مرکز ہونگی، دیندرا ڈوٹن نے جارحیت سے بولرز کی حوصلہ شکنی کا سلسلہ جاری رکھا،انھوں نے204 رنز بنانے کے ساتھ 9 وکٹیں بھی اپنے نام کے آگے درج کرائیں،فائنل میں بھی ان سے توقعات وابستہ ہونگی۔ کپتان میریسا اگلریا کا کہنا ہے کہ اپنی مینز ٹیم کی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ فتح سے تحریک لیتے ہوئے بلند حوصلے کیساتھ سفر جاری رکھا، ورلڈ کپ وطن واپس جانے کی آرزو ہر پلیئر کے دل میں مچل رہی ہے،امید ہے کہ کامیاب رہیں گے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔