عدلیہ مخالف بیانات كی نشریات نہ روكنے پر ابصار عالم كیخلاف درخواست دائر

ویب ڈیسک  منگل 29 اگست 2017
نواز شریف نے وكلا كنونشن میں عدلیہ مخالف تقریر كی جسے روکنے کیلیے اقدامات نہیں کیے گئے، درخواست گزار فوٹو: فائل

نواز شریف نے وكلا كنونشن میں عدلیہ مخالف تقریر كی جسے روکنے کیلیے اقدامات نہیں کیے گئے، درخواست گزار فوٹو: فائل

لاہور: عدلیہ مخالف بیانات كی نشریات نہ روكنے پر چیئرمین پیمرا ابصار عالم كیخلاف لاہور ہائیكورٹ میں  توہین عدالت كی درخواست دائر كر دی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم كیخلاف اظہر صدیق ایڈووكیٹ نے لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت عالیہ نے پیمرا آرڈیننس، پیمرا ایكٹ اور میڈیا ضابطہ اخلاق كے تحت عدلیہ مخالف تقاریر كے حوالے سے پیمرا كو اقدامات كرنے كی ہدایت كر ركھی ہے۔

درخواست میں كہا گیا كہ عدالتی فیصلے كے بعد نواز شریف نے وكلا كنونشن میں عدلیہ مخالف تقریر كی، چیئرمین پیمرا نے عدلیہ مخالف تقریر روكنے كیلئے اقدامات نہیں كئے، نواز شریف كی وكلا سے تقریر واضح توہین عدالت ہے جب کہ چیئرمین پیمرا ابصار عالم عدلیہ مخالف مہم كا سركاری حصہ ہیں۔ درخواست میں استدعا كی گئی ہے كہ چیئرمین پیمرا ابصار عالم كیخلاف توہین عدالت كی كارروائی كی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔