ٹی 20 لیگز میں پلیئرز کی ’چھینا جھپٹی‘ کا خطرہ

اسپورٹس ڈیسک  منگل 29 اگست 2017
آفریدی اور جنیدکے دو ٹوک اعلان نے بنگلہ فرنچائززکی اکھڑتی سانسیں بحال کردیں۔ فوٹو: فائل

آفریدی اور جنیدکے دو ٹوک اعلان نے بنگلہ فرنچائززکی اکھڑتی سانسیں بحال کردیں۔ فوٹو: فائل

ڈھاکا / ڈربن:  ٹی 20 لیگز کے تصادم پر جنوبی افریقہ نے بنگلادیشی احتجاج ہوا میں اڑا دیا، پروٹیز بورڈ نے اپنا ایونٹ بھی عین بی پی ایل کے ساتھ ہی شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

بنگلادیش کی جانب سے احتجاج کے باوجود جنوبی افریقی بھی عین تین نومبر کو ہی اپنی ٹوئنٹی 20 گلوبل شروع کرنے کا اعلان کردیا، جس روز سلہٹ میں بی پی ایل کا پہلا میچ کھیلا جائیگا، اسی دن گلوبل لیگ کا پہلا مقابلہ کیپ ٹاؤن نائٹ رائیڈرز اور پریٹوریا ماوریکس کے درمیان ہوگا جب کہ ہفتے اور اتوار کے روز 2،2 میچز کھیلے جائیں گے، اس طرح ابتدائی تین دنوں میں تمام 5 وینیوز پر آٹھوں فرنچائزز ایکشن میں آئیں گی۔ شیڈول میں ہر ویک اینڈ پر ڈبل ہیڈررزکو شامل کیا گیا ہے، مجموعی طور پر 44 دنوں میں 57 میچز ہونے ہیں۔

بطور تجربہ لیگ راؤنڈ میں ٹاپ2 پوزیشن کی حامل ٹیموں کے درمیان ہی فائنل ہوگا، اس سلسلے میں تیسرے اور چوتھی ٹیم کو ایلیمینیٹر یا کوالیفائر کے ذریعے ٹائٹل جیتنے کا موقع فراہم نہیں کیا جائیگا، فیصلہ کن معرکہ16 دسمبر کو شیڈول ہے۔

دوسری جانب بنگلادیشی بورڈ نے اپنی فرنچائزز سے ان کھلاڑیوں کی فہرست طلب کرلی جنھوں نے ان کیساتھ معاہدے کیے ہوئے ہیں اور نام گلوبل لیگ کے ڈرافٹ میں بھی شامل ہے، کم سے کم ایسے 7 کھلاڑیوں کے نام سامنے آئے تھے، ان کے معاہدوں کی نقول متعلقہ فرنچائزز نے بی سی بی کے پاس جمع کرا دی ہیں۔

یاد رہے کہ کیمرون ڈیلپورٹ اور شاہد آفریدی کا ڈھاکا ڈائنا مائٹس کیساتھ معاہدہ ہے، لیام ڈاسن چٹاگانگ ویکنگز میں شامل ہیں، ڈیرن سیمی کا تعلق راجشاہی کنگز سے ہے، کھلنا ٹائٹنز نے ڈیوڈ میلان، کارلوس بریتھ ویٹ اور جنید خان کا معاہدہ بورڈ کو دیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ صرف آفریدی اور جنید خان نے ہی دو ٹوک اعلان کیاکہ انھوں نے بی پی ایل سے جو کمٹمنٹ کی تھی وہ پوری کرینگے، اس سے بھی فرنچائزز کو کچھ ڈھارس ہوئی تاہم اس بات کا خدشہ بدستور موجود ہے کہ مستقبل میں کھلاڑیوں کیلیے دونوں لیگز میں کھینچا تانی شروع ہو جائیگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔