پاکستان میں سب کچھ طاقتورکے پاس اورغریبوں کیلئےصرف محرومیاں ہیں،طاہرالقادری

ویب ڈیسک  اتوار 17 فروری 2013
ملک میں بے روزگاری اورغربت کی وجہ سے جرائم بڑھ گئے ہیں، طاہرالقادری۔  فوٹو ایکسپریس/فائل

ملک میں بے روزگاری اورغربت کی وجہ سے جرائم بڑھ گئے ہیں، طاہرالقادری۔ فوٹو ایکسپریس/فائل

فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ ملک میں رائج موجودہ نظام کی وجہ سے سب کچھ طاقتور کے پاس ہے جبکہ غریبوں کے لئے صرف محرومیاں ہیں۔

فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں رائج موجودہ نظام نےغریبوں کو فقر وفاقہ، غربت و محرومی، خودسوزی وخودکشی، بے یاری و بے روزگاری اور اندھیروں کے سوا کچھ نہیں دیا جبکہ طاقتور طبقے کو تمام وسائل اور جائز و ناجائز حق حاصل ہیں۔ بے روزگاری اور غربت کی وجہ سے ملک بھر میں جرائم بڑھ گئے ہیں۔ موجودہ نظام نے طاقتور اور کمزور کو الگ کردیا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر انہوں نے سارے چہرے بے نقاب کردیئے۔ مینار پاکستان کے جلسے میں انہوں نے لاکھوں افراد کو انقلاب سے آگاہ کیا، اسلام آباد کے لانگ مارچ میں شرکت کرنے والے لوگوں نے چار روز تک سڑکوں پر موجود رہ کر یہ ثابت کیا کہ وہ پر امن لوگ ہیں لیکن جب امن بکھر جاتا ہے تو ظلم کا نظام باقی نہیں رہتا۔

تحریک منہاج القرآن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دنیا میں کہیں بھی بیٹھے بٹھائے غریبوں کی جھولی میں انقلاب نہیں ڈالا گیا۔ اگر انہیں ظلم کے اس نظام کو ختم کرنا ہے تو عوام کو اٹھنا ہوگا، عوام نے یہ ثابت کردیا کہ وہ اکیلے نہیں ان کے ساتھ لاکھوں افراد ہیں ا ور ہم یہ ملک اشرافیہ سے چھین کر دم لیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔