1339 پر نظر رکھنے کے لیے قائم دفتر کو سیل کردیا گیا

اسٹاف رپورٹر  پير 18 فروری 2013
کوئی متبادل دفتر فراہم نہیں کیا گیا ، فارن افیئر سیل قائم کیا جائے گا. فوٹو: آن لائن

کوئی متبادل دفتر فراہم نہیں کیا گیا ، فارن افیئر سیل قائم کیا جائے گا. فوٹو: آن لائن

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ نے اچانک ادارے کے شکایتی سینٹر 1339 کی کوالٹی کنٹرول پر نظر رکھنے کیلیے قائم دفتر کو سیل کردیا۔

جس کے بعد اس شکایتی مرکز جس کو آئی ایس او سرٹیفکیشن کا اعزاز حاصل ہے وہ ختم ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، باخبر ذرائع نے بتایا کہ جمعے کی صبح اچانک بلدیہ عظمیٰ کی سیکیورٹی کے اہلکار سوک سینٹر کے فرسٹ فلور پر واقع شکایت کے اندراج کے لیے قائم کال سینٹر 1339 کی نگرانی کیلیے قائم کردہ کوالٹی کنٹرول ڈپارٹمنٹ کے دفتر کو سیل کردیا اور یہ موقف اختیار کیا ہے کہ یہاں پر فارن افیئر سیل قائم کیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ حیرت انگیز طور پر کوالٹی کنٹرول ڈپارٹمنٹ کو سیل کردیا گیا مگر اس کو کوئی متبادل دفتر فراہم نہیں کیا گیاجس کے باعث شکایتی سینٹر کی نگرانی اور معائنے کا عمل بند ہوگیا ہے، واضح رہے کہ سابق ناظم مصطفی کمال کے دور میں1339کال سینٹر قائم کیا گیا تھا جہاں پر شہری بلدیاتی امور سے متعلق اپنی شکایت کا اندراج کراتے تھے، یہ پاکستان کے کسی سرکاری ادارے کا پہلا نظام تھا جس کی باقاعدہ آئی ایس او سرٹیفکیشن بھی کرائی گئی تھی اس کی کارکردگی کو موثر بنانے اور سرٹیفکیشن کو منسوخی سے بچانے کیلیے اس شکایتی کال سینٹر کی نگرانی کا باقاعدہ نظام وضع کیا گیا تھا تاہم بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ کی نظر میں اس اہم ترین منصوبے کی کوئی افادیت نہیں جس کے باعث یہ انتہائی سخت قدم اٹھایا گیا ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔