رواں برس سب سے زیادہ ون ڈے رنز، کوہلی نے ڈوپلیسی کو پیچھے چھوڑ دیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 1 ستمبر 2017
آئی لینڈرز کے خلاف سب سے زیادہ 7 سنچریوں میں وہ سابق پاکستانی بیٹسمین سعید انور کے شریک ہوگئے ہیں۔ فوٹو: نیٹ

آئی لینڈرز کے خلاف سب سے زیادہ 7 سنچریوں میں وہ سابق پاکستانی بیٹسمین سعید انور کے شریک ہوگئے ہیں۔ فوٹو: نیٹ

کولمبو: بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے رواں برس سب سے زیادہ ون ڈے رنز کے معاملے میں جنوبی افریقی قائد فاف ڈوپلیسی کو پیچھے چھوڑ دیا۔

سری لنکا سے 2میچز میں بطور بیٹسمین ناکام رہنے کے بعد چوتھے ون ڈے میں کوہلی نے تلافی کرتے ہوئے اپنی 29 ویں سنچری اسکور کی۔ اس کے ساتھ انھوں نے رواں کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ایک روزہ رنز بنانے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا، کوہلی نے17 میچز میں 869 رنز 100 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں اور 28 سالہ بیٹسمین نے اس دوران 3 سنچریاں اور 6 ففٹیز بھی اسکور کیں۔

واضح رہے کہ وہ اس وقت ون ڈے بیٹسمین رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر موجود ہیں اور اس کے ساتھ کوہلی نے 50 اوورز کے فارمیٹ میں زیادہ سنچریاں اسکور کرنے کے معاملے میں سنتھ جے سوریا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا جب کہ آئی لینڈرز کے خلاف سب سے زیادہ 7 سنچریوں میں وہ سابق پاکستانی بیٹسمین سعید انور کے شریک ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔