کے سی سی اے اور بورڈ کے درمیان محاذ آرائی شروع

اسپورٹس رپورٹر  پير 18 فروری 2013
کے سی سی اے اور کرکٹ بورڈ کے درمیان محاذ آرائی  شروع ہو گئی۔  فوٹو : فائل

کے سی سی اے اور کرکٹ بورڈ کے درمیان محاذ آرائی شروع ہو گئی۔ فوٹو : فائل

کراچی: کے سی سی اے اور کرکٹ بورڈ کے درمیان محاذ آرائی  شروع ہو گئی۔ایسوسی ایشن کراچی سے پی سی بی کے سوتیلی ماں جیسے سلوک پر میڈیا سے مدد لے گی.

دوسری جانب ڈاکٹرسید محمد علی شاہ مرحوم کی خدمات کے اعتراف میں گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتھ پاکستان الیون اور کراچی الیون کے مابین نیشنل اسٹیڈیم میں فلڈلائٹ ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کرانے کا اعلان کیا گیا ہے،یہ فیصلے ہفتے کو ایگزیکٹیو کونسل کی میٹنگ میں کیے گئے، ایسوسی ایشن کے صدر سراج الاسلام بخاری کی زیر صدارت نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے اجلاس میں  پی سی بی کے آئین پر غور ہوا، ٹرم کے مطابق کے سی سی اے کے صدرکو گورننگ بورڈ کا رکن نہ بنانے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

ان کی جگہ حال ہی میں قائم ہونے والی لاڑکانہ ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے غیر معروف صدر منظور بھوگیوکی غیر آئینی طور پر بطوررکن نامزدگی کو مایوس کن قرار دیا گیا، جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کے سی سی اے کے صدر کو اصولی طور پر نومبر 2011 میں گورننگ بورڈ کی ذمہ داری سنبھالنی تھی جسے مارچ2012 تک کیلیے موخر کردیا گیا جس کی وجوہات کا بہتر علم پی سی بی ہی کو ہو گا،بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد کیلیے جانے والے ایسوسی ایشن کے وفد کو ذکا اشرف نے کراچی اور لاہور کو مستقل رکن بنانے کیلیے آئینی ترمیم پر یقین دہانی کرائی تھی۔

کے سی سی اے نے چیئرمین بورڈ سے  فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست جبکہ پریس کانفرنس کے ذریعے حقائق کو بھی منظر عام پر لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اجلاس میں ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور سابق صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ کی کھیلوں کیلیے خدمات کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا،پی سی بی کے سرپرست اعلیٰ صدرمملکت آصف علی زرداری سے درخواست کی گئی کہ نیشنل اسٹیڈیم کو ڈاکٹر شاہ سے منسوب کیا جائے، اجلاس میں مرحوم کے صاحبزادے ڈاکٹر سید جنید علی شاہ کو کے سی سی اے کا نائب صدر بھی مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔