کراچی میں فائرنگ، تشدد، 9افراد ہلاک، کاروبار بند، 4گاڑیاں نذر آتش

اسٹاف رپورٹر  پير 18 فروری 2013
کھارادرمیں بیکری پرفائرنگ،3افرادمارے گئے،لانڈھی ،صدر،پرانی سبزی منڈی پر3ہلاکتیں،3لاشیں ملیں،گرومندر،ملیر، رضویہ،گولیمار،گلشن،ایم اے جناح روڈپرہوائی فائرنگ سے خوف وہراس۔ فوٹو: فائل

کھارادرمیں بیکری پرفائرنگ،3افرادمارے گئے،لانڈھی ،صدر،پرانی سبزی منڈی پر3ہلاکتیں،3لاشیں ملیں،گرومندر،ملیر، رضویہ،گولیمار،گلشن،ایم اے جناح روڈپرہوائی فائرنگ سے خوف وہراس۔ فوٹو: فائل

کراچی: شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ اورپرتشددواقعات میں مزید9افرادہلاک اورپولیس اہلکارسمیت 5 زخمی ہوگئے۔

گرومندر،ملیر،رضویہ،گولیمار،گلشن اقبال،یونیورسٹی روڈ،ایم اے جناح روڈاوردیگرعلاقوں میں ہوائی فائرنگ کی گئی ،جس سے خوف و ہراس پھیل گیا،دکانیں وکاروباری مراکزبندہوگئے، نامعلوم افراد نے 4گاڑیاں بھی نذرآتش کردیں۔تفصیلات کے مطابق کھارادر کے علاقے پاریہ اسٹریٹ پرمہران بیکری کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے3افرادہلاک اورایک زخمی ہوگیا،ہلاک شدگان میں28سالہ عبدالرحمن ،45سالہ جان زادہ  اور25سالہ راجوشامل ہیں جبکہ لیاری گینگ وارکاکارندہ ضیازخمی ہوگیا،ملزمان کاٹارگٹ ضیاتھالیکن باقی تمام افرادفائرنگ کی زدمیںآگئے۔

کھارادرکے علاقے بغدادی میں پٹرول پمپ کے قریب سے2نوجوانوں کی لاشیں ملیں جنھیں نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کیا،مقتولین کی شناخت19 سالہ سمیراور 18 سالہ حسنین میمن کے نام سے ہوئی، مقتولین شاہ ولی اللہ روڈ کھڈا مارکیٹ کے رہائشی تھے ،مقتول حسنین کے والد نے ایکسپریس کو بتایا کہ حسنین ان کا اکلوتا بیٹا تھا،ہفتے کی شب رات ایک بجے تک اس سے موبائل فون پربات ہوئی ہے اور اس نے کہا تھا کہ وہ گھر واپس آرہاہے لیکن اس کے بعدحسنین سے کوئی رابطہ نہ ہوسکا،ہلاک ہونے والا سمیر ان کے بیٹے کادوست ہے اور علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دونوں کورات ایک بجے تک ایک ساتھ دیکھاگیا تھا لیکن اس کے بعد سے وہ کہیں دکھائی نہیں دیے جس پر شبہ ہے کہ ملزمان نے اغواکے بعد دونوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔

مقتول سمیر محمد بن قاسم مسجدکے قریب عباس بلڈنگ کھڈا مارکیٹ کا رہائشی اورکورنگی میں فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا جبکہ حسنین المصطفی آرکیڈ شاہ ولی اللہ روڈ کھڈا مارکیٹ کا رہائشی تھا۔لانڈھی کے علاقے زمان آبادمیں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35سالہ اخترہلاک ہوگیا،مقتول کچرا چنتا تھا جسے نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا،مقتول جوگی موڑ شاہ لطیف ٹائون کا رہائشی تھا۔ملیرندی کے قریب رکشاسے لاش ملی جس کی عمر تقریباً 22 برس معلوم ہوتی ہے،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔لیاقت آباددس نمبرپرانڈرپاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کااہلکار رشید،ڈی سلوا ٹائون میں10 سالہ شعیب ،کورنگی کے ایریا یں سانول نامی شخص،کریم آباد پر الکرم اسکوائر کے قریب35 سالہ نذیر احمد ،45 سالہ لیون اور 40 سالہ گولیم زخمی ہوگئے۔

1

مختلف علاقوں میں فائرنگ سے خوف وہراس پھیل گیا اورعلاقہ مکین گھروں میں محصورہوگئے، بعدازاں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کرصورتحال پر قابو پایا۔گرومندر چورنگی کے قریب نامعلوم افرادنے ہوائی فائرنگ کی جس سے علاقے کے دکانیں و کاروباری مراکزبند ہوگئے، فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا ،اس دوران گرومندر چورنگی پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے واٹر ٹینکررجسٹریشن نمبر TTA-023 کوآگ لگادی اور فرار ہوگئے، پولیس نے ٹینکر کو مکمل طور پر جلنے سے بچالیا۔گرومندر چورنگی سے چندقدم کے فاصلے پرمزار قائد کے قریب نامعلوم افرادنے منی بس روٹ نمبرX-10 نذر آتش کردی،ملزمان نے منی بس رجسٹریشن نمبر JE-9017 پر آتش گیر مادہ پھینکا،بس جل کرخاکسترہوگئی۔

رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق صدر ایمپریس مارکیٹ رینبو سینٹرکے قریب نامعلوم افرادکی اندھا دھندفائرنگ سے27سالہ سیدرضوان کاظمی ،40سالہ منیم احمد ، 35سالہ آسیہ زوجہ محمد یوسف ، 30سالہ ندیم عباس، 25 سالہ ذاکراور28 سالہ عارف زخمی ہو گئے جنھیں جناح اسپتال پہنچایا گیاجہاں سید رضوان کاظمی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔مقتول کورنگی زمان آباد کارہائشی تھا،پولیس کے مطابق نامعلوم افرادنے ایمپریس مارکیٹ اور رینبو سینٹر کی دکانیں بندکرانے کے لیے فائرنگ کی۔پولیس کے مطابق 3 ملزمان فیض اللہ، سدرو رحمن اور یاسین کو گرفتار کرکے پولیس اہلکاروں سے چھینی گئی رائفل برآمد کرلی ،ملزمان پولیس اہلکاروں سے رائفل چھین کر فائرنگ کررہے تھے،پی آئی بی کالونی تھانے کی حدودپرانی سبزی منڈی شپرنیشنل کار شو روم پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے حاجی اکبر خان ہلاک اوردوافراد زخمی ہوگئے۔

گلبرگ کے علاقے خاموش کالونی رکشااسٹینڈ پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے30سالہ منیر احمداور27 سالہ محمدآصف زخمی ہو گئے۔رات گئے بھی شہر کے مختلف علاقوں رضویہ سوسائٹی ، نیا گولیمار ، ناظم آباد چورنگی ، نارتھ ناظم آباد کے ڈی اے چورنگی ، سمن آباد ، انچولی سوسائٹی ، ملیر جعفر طیار سوسائٹی اور ابو الحسن اصفہانی روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دکانیں اور دیگر کاروبار بند کرا دیا۔مسلح افراد نے ملیر15 نیشنل ہائی وے پرایک ریتی بجری کے ٹرک پر فائرنگ کرکے ڈرائیور عبدالوقار ولد یونس کو زخمی کردیا اور ٹرک کو آگ لگادی، فیڈرل بی ایریا بلاک18سمن آبادمیں ایک ٹرک نمبر TTA-023 کو آگ لگا دی،شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔