تین ہزار پانچ سو چوبیس گانے لکھنے کا عالمی ریکارڈ

ویب ڈیسک  منگل 5 ستمبر 2017
سمیر نے اپنے چونتیس سالہ کیریئر کے دوران تین مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ جیتا۔ فوٹو : فائل

سمیر نے اپنے چونتیس سالہ کیریئر کے دوران تین مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ جیتا۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ کے 59 سالہ گیت نگار سمیر انجان  650 بولی وڈ فلموں کے لیے 3524 گانے لکھ کر اپنا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرا چکے ہیں۔

بھارت کے سینئر گیت نگار انجان (لعل جی پانڈے) کے بیٹے سمیر نے 1983 ء میں فلم ’بے خبر‘ کے ساتھ اپنا بولی وڈ کیریئر شروع کیا۔بعد میں ’دل‘ اور’عاشقی‘ نے انہیں رومانوی گیتوں کا غیر متنازع چیمپئن بنا دیا۔ انہوں نے اپنے چونتیس سالہ کیریئر کے دوران تین مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ جیتا۔ سمیر کی کمار سانو اور ادت نارائن کے ساتھ جوڑیوں نے نوے کی دہائی کو ہندی فلموں کی سب سے سریلی دہائی بنا دیا۔

سمیر کی سوانح حیات لکھنے والی اپھرنا پھاٹک کہتی ہے کہ بولی وڈ کے چار نامور گلوکاروں ادت، کمار، الکا یاگنک اور انوردھا پدوال نے بولی وڈ میں اسی وقت اپنا کیرئیر شروع کیا جب سمیر انڈسٹری میں اپنے قدم جمانے کی کوشش کر رہے تھے۔پیشہ ورانہ دشمنیوں کو ایک طرف رکھیں تو ان سب کے درمیان ایک اچھا تال میل تھا۔سمیر فلم بینوں اور گلوکاروں میں یکساں مقبول ہوئے کیونکہ ان کے گانے سمجھنے کے لیے ڈکشنری کی ضرورت نہیں پڑتی۔ وہ عام زبان میں گیت لکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ گینز بک میں بظاہر ’سب سے زیادہ گانوں‘ والی کوئی کیٹیگری نہیں تھی۔ چناں چہ نئے ریکارڈ کا اندراج کرنے کی خاطر نئی کیٹیگری بنائی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔