فلموں میں آئٹم نمبر کرنے کی بجائے بطور ہیروئن متعارف ہونا چاہتی ہوں، صدف کنول

قیصر افتخار  منگل 5 ستمبر 2017
شوبز انڈسٹری بہت چھوٹی ہے ، اس لیے کسی ایک شعبے پرمکمل انحصار نہیں کیا جاسکتا،ماڈل کی ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: نیٹ

شوبز انڈسٹری بہت چھوٹی ہے ، اس لیے کسی ایک شعبے پرمکمل انحصار نہیں کیا جاسکتا،ماڈل کی ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: نیٹ

 لاہور:  ماڈل صدف کنول نے معمول کے آئٹم نمبر کرنے کے بجائے خود کوسلوراسکرین پر بطور ہیروئن متعارف کروانے کی ٹھان لی۔

صدف کنول نے’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ سب سے پہلے توعیدالاضحی پرصرف پاکستانی فلموں کی نمائش سب کے لیے خوشی کی بات ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستانی فلموں نے عیدالاضحی پراچھا بزنس کیا اور انھیں دیکھنے والوں کی تعداد بھی بہت زیادہ تھی۔ جہاں تک بات میرے آئٹم نمبر کی ہے تویہ ایک منفرد اور دلچسپ تجربہ تھا۔ اس گیت کوفلم کی تشہیر کے لیے بھی استعمال کیا گیا اورزبردست رسپانس سامنے آیا۔ خاص طورپرفیشن انڈسٹری جومیری اصل پہچان ہے اوراس کے بعد فلم اورٹی وی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والوں نے میرے انداز کوخاصا سراہا، جومیرے لیے عید کا تحفہ ہے۔

ماڈل نے کہا کہ فیشن انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے جومقام مجھے حاصل ہوا ، اس کومدنظررکھتے ہوئے یہ میرے لیے ایک مشکل پروجیکٹ تھا کہ میں ایک آئٹم نمبرسائن کرتی، لیکن اس پروجیکٹ کوسائن کرنے سے پہلے میری فلم کے ڈائریکٹرسے ملاقاتیں ہوئیں اورپھرمیں نے اس پروجیکٹ کا حصہ بننے کی رضامندی ظاہر کی۔ یہ ایک یادگارتجربہ ثابت ہوا۔ اس پروجیکٹ کے بعد آفرز کا سلسلہ توجاری ہے لیکن میں ہرآفرکوقبول نہیں کرسکتی۔ میں یہ تونہیں کہتی کہ اب دوبارہ کبھی آئٹم نمبر نہیں کرونگی، لیکن اس کے لیے فلم کی کہانی اورمعیارکومدنظررکھتے ہوئے ہی آئندہ آئٹم سانگ کرتی دکھائی دونگی، البتہ فلم اورٹی وی میں ایکٹنگ میرا اگلا ٹارگٹ ہے۔

صدف نے مزید کہا کہ سلور اسکرین پر بطور ہیروئن کام کرونگی اورٹی وی میں بھی مرکزی کردارہی نبھاؤں گی لیکن اس کے ساتھ ساتھ فیشن انڈسٹری کے ساتھ کام کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ہمارے ہاں شوبز انڈسٹری بہت چھوٹی سی ہے ، اس لیے کسی ایک شعبے پرمکمل انحصار نہیں کیا جاسکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔